راولپنڈی / کراچی (نمائندہ جنگ / نیوز ڈیسک) پی ٹی آئی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کیلئے کسی کو بھی کوئی ٹاسک نہیں دیا ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بانی کو صرف صوبائی امور پر بریف کیا۔
ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر سیف کی بانی سے ڈھائی گھنٹے طویل ملاقات کا محور اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات تھااور بانی پی ٹی آئی نے علی امین اور بیرسٹرسیف کواسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا ٹاسک دے دیا ۔
دوسری جانب جیل حکام نے اعظم خان سواتی، نادیہ خٹک، مبشر اعوان، انصر کیانی اور تابش فاروق ایڈووکیٹ کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی۔
سلمان اکرم راجہ اور علیمہ خان کو ملنے نہ دیا گیا جس پر سلمان اکرم اور علیمہ خان سیخ پا ہوگئے ، علیمہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ خاندان کے افراد کو ملنے نہ دیا جائے اور بعض لوگوں کو بانی تک رسائی دے دی جائے؟
تفصیلات کے مطابق مرکزی سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے جیونیوز سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈاپور،بیرسٹرسیف کی بانی سےملاقات سےمتعلق غلط خبریں چل رہی ہیں۔
بانی پی ٹی آئی نےاسٹیبلشمنٹ سےبات کرنے کیلیےکسی کوکوئی ٹاسک نہیں دیا،علی امین گنڈاپور اور بانی پی ٹی آئی کی پارٹی معاملات پر بھی بات ہوئی،علی امین نے بانی پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کے معاملات پر بریف کیا۔
قبل ازیں خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور اور ان کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹرسیف کی پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں طویل ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ڈھائی گھنٹے ملاقات کا محوراسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات تھا اور علی امین، بیرسٹرسیف بانی پی ٹی آئی کو قائل کرنے میں کامیاب ہوئے۔