دریائے سندھ پر 6 کینالز نکالنے کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی جانب سے سندھ کے مختلف اضلاع میں مشعل بردار ریلیاں نکالی گئیں، جس میں لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
لاڑکانہ، میروخان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ کسی کو سندھ کے لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے نہیں دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کینال منصوبہ سندھ کے خلاف سازش ہے، وفاقی حکومت کینال منصوبے سے دستبرداری کا اعلان کرے۔
ادھر ٹنڈوالہ یار اور سکھر میں بھی دریائے سندھ سے 6 کینالز نکالنے کے خلاف پیپلز پارٹی کی مشعل بردار ریلیاں نکالی گئیں۔
سکھر میں نکالی گئی ریلی سے ترجمان سندھ حکومت اور میئر بیریسٹر ارسلان اسلام شیخ نے خطاب کیا اور کہا کہ پاکستان اور سندھ اس وقت پانی کی قلت سے گزر رہا ہے، ہمارا فرض بنتا ہے کہ لوگوں کے سامنے اصل حقائق رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں صرف پینے کا پانی میسر ہوگا، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کینالز نہیں بننےدیں گے۔
سانگھڑ، شکارپور، خیرپور کے علاوہ کراچی کے اضلاع ملیر، جنوبی، وسطی، گورنگی میں بھی دریائے سندھ سے 6 کینالز نکالنے کے منصوبے کے خلاف پیپلز پارٹی کی مشعل بردار ریلیاں نکالی گئیں۔