کراچی (محمد ناصر)پاکستان کے سب سے مقبول انٹرٹینمنٹ چینل ”جیو ٹی وی“ پر ایک اور میگا اور فیملی سیریل ”کم ظرف“ کا باقاعدہ آغاز منگل سے ہوگا۔ ڈرامے کے مرکزی کردار جنید خان ہیں جو کئی مقبول سیریلز میں اپنے فن کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ مارننگ شوز اور دیگر ڈراموں سے شہرت رکھنے والی میزبان اور اداکارہ ”نادیہ خان“ بھی اس ڈرامے کی کہانی کے منفرد کردار میں اپنا جلوہ دکھائیں گی۔ ڈرامے کے پرومو نے پہلے ہی ناظرین کی دلچسپی کو عروج پر پہنچا دیا ہے۔ سیریل ”کم ظرف“ کی کہانی چار بہن بھائیوں کے گرد گھومتی ہے جو ایک حادثے میں اپنے والدین کھوچکے ہیں۔ اُن کی پرورش اُن کی بڑی بہن نے کی ہے ۔ سخت مزاج بڑی بہن کا کردار ”نادیہ خان “ ادا کررہی ہیں۔ جنید خان اس سیریل میں ”آذر“ کا کردار نبھائیں گے۔ آذر ایک مضبوط نظریے کا مالک ہے جس کا اپنے بہن بھائیوں کو ایک رکھنے میں اہم کردار ہے، جبکہ کہانی میں ”نادیہ خان“ کو ایک مشکل ترین بڑی بہن کے روپ میں دکھایا گیا ہے۔ علی انصاری اور سمیعہ بخش چھوٹے بہن بھائیوں کے کردار میں نظر آئیں گے۔ ”کم ظرف“ ہر منگل کی شب8 بجے جیو ٹی وی پر پیش کیا جائے گا۔