• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روس کا یوکرین پر شدید فضائی حملہ، 6 افراد ہلاک، 80 سے زائد زخمی

---تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف سمیت مختلف شہروں پر جمعہ کی صبح شدید فضائی حملے کیے، جس میں 6 افراد ہلاک اور 80 سے زائد زخمی ہوگئے۔

یوکرینی فضائیہ کے مطابق روس نے 407 ڈرونز اور 45 میزائل فائر کیے، جو اب تک کے سب سے بڑے حملوں میں سے ایک تھا۔

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے بتایا کہ کیف میں 3 امدادی کارکن بھی ہلاک ہوئے، جب وہ ابتدائی حملے کے بعد جائے وقوعہ پر پہنچے تو روس نے ایک اور حملہ کر دیا۔

شمالی شہر چیرنیہیو میں دو افراد اور مغربی شہر لوٹسک میں ایک شخص ہلاک ہوا، جہاں ایک رہائشی عمارت بھی ملبے کا ڈھیر بن گئی۔ 

روس کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ یہ حملے یوکرین کی دہشت گردانہ کارروائیوں کے ردعمل میں کیے گئے ہیں، جس میں یوکرین نے روس کے اندر اسٹریٹیجک بمبار طیاروں کو تباہ کیا تھا۔

عینی شاہدین کے مطابق کیف میں زوردار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، جنہوں نے دور دور تک کھڑکیاں ہلا دیں، بہت سے شہریوں نے میٹرو اسٹیشنز یا زیرِ زمین پارکنگز میں پناہ لی۔

روسی حملوں سے مغربی شہر ٹرنوپل میں صنعتی تنصیبات اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں شہر کے کچھ حصے بجلی سے محروم ہو گئے، علاقائی انتظامیہ نے شہریوں کو ہوا میں زہریلی گیسوں کی موجودگی کے باعث گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔

یوکرین نے کہا ہے کہ حملوں کے بعد بھی کئی مقامات پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور ممکنہ طور پر مزید افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید