• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کے اجتماعات، سنت ابراہیمی کی ادائیگی

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

ملک بھر میں عیدالاضحیٰ آج مذہبی عقیدت و احترام اور جوش وجذبے سے منائی جا رہی ہے، نماز عید کی ادائیگی کے بعد لاکھوں مسلمان سنت ابراہیمیؑ کی پیروی میں مصروف رہے، سیاسی رہنماوں نے مختلف شہروں میں نماز عید ادا کی، اس موقع پر رہنماوں کا کہنا تھا کہ ہر پاکستانی کے لیے عید خاص اس لیے ہے کہ ہم فاتح قوم کے طور پر یہ عید منا رہے ہیں، یہ جنگ ہماری بہادر افواج، سیاسی لیڈر شپ اور عوام نے مل کر لڑی ہے۔

کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات کا انعقاد کیا گیا، علمائے کرام نے خطبات میں حضرت ابراہیمؑ کی قربانی کی روح اور فلسفے پر روشنی ڈالی جبکہ امت مسلمہ کے اتحاد، وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی اور فلسطینی و کشمیری مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

نماز عید کے موقع پر عیدگاہوں اور مساجد میں سیکیورٹی کے انتہائی مؤثر انتظامات کیے گئے۔

اسلام آباد کی شاہ فیصل مسجد سمیت شہر کی مختلف مساجد، عید گاہوں اور امام بارگاہوں میں نمازِ عید کے روح پرور مناظر دیکھے گئے۔

نماز کے اختتام پر افواجِ پاکستان، قومی سلامتی اور ملک و قوم کی سلامتی و ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

پنجاب بھر میں 28 ہزار 74 مساجد اور 890 کھلے مقامات پر نماز عید کے اجتماعات ہوئے، سیکیورٹی کے لیے 43 ہزار سے زائد اہلکار و افسران نے فرائض انجام دیے، 445 کوئیک رسپانس فورس کی ٹیمیں بھی سیکیورٹی پر تعینات ہیں۔

لاہور میں نماز عید کے 5 ہزار سے زائد اجتماعات کی سیکیورٹی پر 9 ہزار اہلکار و افسران تعینات رہے۔

راولپنڈی میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع لیاقت باغ میں ہوا، ضلع بھر میں 604 مساجد، 72 امام بارگاہوں اور 62 کھلے مقامات پر نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے، پولیس کے 2700 آفیسر اور جوان سیکیورٹی کی فراہمی پر معمور تھے۔

باجوڑ کے چھوٹی بڑی مساجد میں نماز عید ادا کی گئی، ہنگو اور اورکزئی کے 100سے زائد مقامات اور لاڑکانہ کی 200 سے زائد مساجد اور عید گاہوں میں نماز  پڑھی گئی۔

ڈی جی خان بھر میں نماز عید کے 3 سو سے زائد اجتماعات ہوئے، نصیرآباد، جعفرآباد، جھل مگسی، سبی، صحبت پور، بولان اور ڈیرہ بگٹی میں مختلف مقامات پر چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے۔

تفتان کے سرحدی شہر میں نماز عید الاضحی کے اجتماعات ہوئے، ٹنڈوالہ یار کی مرکزی عیدگاہ میں نماز عید ادا کی گئی، ملکی سلامتی اور فلسطین کے لیے دعائیں کی گئیں۔

وہاڑی بھر میں527 سے زائد مساجد اور کھلے اجتماعات میں نماز عیدالاضحی ادا کی گئی، گھوٹکی، اوباڑو، ڈہرکی، میرپور ماتھیلو میں بھی عید کی نماز پڑھی گئی۔

ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں 3 روز تک لاکھوں افراد جانوروں کی قربانی کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید