• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ کی نشست پر الیکشن، بی این پی مینگل کی پی ٹی آئی کو وارننگ

بلوچستان سے سینیٹ کی خالی نشست پر الیکشن میں ساتھ دیں ورنہ مرکز میں حکومت کی حمایت جاری رکھنا مشکل ہوجائے گا۔ حکومتی اتحادی جماعت بی این پی مینگل نے تحریک انصاف کو خبردار کر دیا۔ معمولی اکثریت رکھنے والی وفاقی حکومت کے لیے مشکلات بڑھ گئیں۔

پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سینیٹر سردار اعظم موسیٰ خیل کی وفات کے باعث خالی ہونے والی نشست پر 14 جنوری کو انتخاب ہونا ہے، سیاسی جماعتوں کے درمیان جوڑ توڑ تیز ہو گیا۔

حکومتی اتحادی جماعت بی این پی مینگل نے وفاق میں حمایت کے عوض اپنے امیدوار غلام نبی مری کے لیے حمایت طلب کر لی۔

ذرائع کے مطابق سردار اختر مینگل نے وفاقی حکومت کو پیغام بھجوایا ہے کہ اگر ان کے امیدوار کا ساتھ نہ دیا گیا تو مرکز میں پی ٹی آئی حکومت کی حمایت جاری رکھنا کافی مشکل ہو جائے گا۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف اس وقت بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار منظور کاکڑ کی حمایت کر رہی ہے تاہم بی این پی مینگل سے بھی بات چیت شروع ہو گئی ہے۔

وفاق میں تحریک انصاف کی حکومت کو صرف 13 ارکان کی معمولی اکثریت حاصل ہے جبکہ بی این پی مینگل کے 4 ارکان، ایم کیو ایم کے 7 اور 2 آزاد ارکان اسلم بھوتانی، علی نواز شاہ شامل ہیں۔

تازہ ترین