وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی لوگوں کا ہجوم ہے سیاسی پارٹی نہیں، انہوں نے جو کچھ کیا سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کیا تھا۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کے دوران خواجہ محمد آصف نے کہا کہ 9 مئی کی زیادہ تر ویڈیوز پی ٹی آئی نے خود بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ کور کمانڈر ہاؤس کے باہر کے میسج پی ٹی آئی کے ورکروں کے تھے، 9 مئی سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ہوا۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی پنجاب کی وزیر صحت بھی بار بار کہہ رہی تھیں، پی ٹی آئی والے یا تو یہ کہہ دیں گفتگو بھی ڈب کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ رؤف حسن صاف صاف تردید نہ کریں، اپنی ساکھ کا خیال رکھیں، یہ کم از کم تردید ہی کر دیں کہ ان کے انٹرویو زبردستی کرائے گئے۔
خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ علی زیدی، عثمان ڈار اور دیگر سب تردید کریں کہ انٹرویوز جبراً کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم بھی جیل گئے تھے لیکن جیل جانے اور باہر آنے تک ایک ہی مؤقف پر قائم رہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ حکومت پابند نہیں کہ اپوزیشن کا چیئرمین پی اے سی لگائیں، یہ چیئرمین پی اے سی کے لیے دو تین افراد کا پینل دے دیں، ہم سلیکٹ کرلیں گے۔