• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکم عدولی پر 5لیڈی پولیس اہلکاروں سمیت 6 کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری

ملتان (سٹاف رپورٹر)سیشن کورٹ نے عدالتی حکم عدولی پر 5خاتون اہلکاروں سمیت 6 پولیس اہلکاروں کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 17 جنوری کو عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا ہے، فاضل عدالت نے تھانہ ویمن پولیس سٹیشن میں درج زیادتی کے مقدمہ سرکار بنام ضیا ملک میں بطور گواہ پیش نہ ہونے پر3 لیڈی ہیڈ کانسٹیبلوں بشریٰ صفدر، رابعہ بی بی اور روبینہ رفیق، 2 لیڈی کانسٹیبل گلشن پروین اور بشریٰ رمضان اور کانسٹیبل خالد حسین کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے، سیشن کورٹ نے لاکھوں روپے کی رقم ہتھیانے کا مقدمہ درج نہ کرنے پر ایس ایچ او تھانہ نیو ملتان سے 16 جنوری کو جواب طلب کرلیاہے ، فاضل عدالت میں محمد الیاس نے درخواست دائر کی تھی،فاضل عدالت نے پسند کی شادی کرنے والی خاتون کو ہراساں کرنے کیخلاف درخواست پر ایس ایچ او تھانہ نیو ملتان سے 18 جنوری کو جواب طلب کرلیا ہے، عدالت میں ملتان کی نگینہ بی بی نے درخواست دائر کی تھی، فاضل عدالت نے منشیات کے ملزم شفیق کو ایک سال ، 5ماہ قید، 10 ہزار جرمانہ اور عدم ادئیگی جرمانہ کی صورت میں مزید 1ماہ جیل قید کاٹنے کی سزا کا حکم سنا یا ہے ، سیشن عدالت نے حبس بے جا کی درخواست میں برآمد ہونے والے محبوس بچوں کو والدہ کے ہمراہ بھجواتے ہوئے درخواست داخل دفتر کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست گزار کو گارڈین کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے، فاضل عدالت میں محمد راشد نے درخواست دائر کی تھی، فاضل عدالت نے اقدام قتل کے ملزم بلال مسیح کی درخواست ضمانت کی سماعت میں پولیس ریکارڈ پیش ہونے پر درخواست خارج کرتے ہوئے داخل دفتر کرنے کا حکم دیا ہے، جوڈیشل مجسٹریٹ نے بجلی چوری کے ملزم ندیم کو اقبال جرم کرنے پر ایک سال پروبیشن پر رہنے کا حکم دیا ہے ، جبکہ ملتان کی صبا پروین نامی خاتون کی درخواست پر اسے دارالامان سے آزاد کرنے کا حکم دیا ہے۔
تازہ ترین