• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’بلوچستان کا دورہ پہلا ہے، آخری نہیں‘‘

وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرورکہتے ہیں کہ بلوچستان کا یہ میرا دورہ پہلا ہے، آخری نہیں،بلوچستان میں ہم حکومت کے اتحادی ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال سےملاقات کے بعد ان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر پیٹرولیم غلام سرورنے مزید کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر کوئٹہ آیا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ سندھ کا بھی دورہ کیا ہے اور دیانت داری سےسندھ کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، صوبوں کے حقوق اور مسائل پر کھل کر بات کی ہے۔

غلام سرور نے مزید کہا کہ تمام صوبوں کو ساتھ لے کرچلنا چاہتے ہیں،صوبے کے مسائل پر ورکنگ گروپ اور کمیٹیاں بنا دی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سی سی ای کا فیصلہ ہے کہ تمام صوبے تیل اور گیس کے ذخائر کی تلاش کے لیے اپنی کمپنیاں بنائیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پچھلے 5سال میں حکومت نے گیس کی قیمتیں نہیں بڑھائیں، سابقہ حکومت میں مہنگی گیس خرید کر سستی فروخت کی گئی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سعودی وزیر کل گوادر آ رہے ہیں، جبکہ آئندہ ماہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی آمد متوقع ہے۔

تازہ ترین