• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلیا نے کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا،میڈیا کا دعویٰ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کرکٹ آسٹریلیا نے مارچ میں ون ڈے سیریز کے لئے اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا کو سات جنوری کو پی سی بی کو خط تحریر کیا گیا تھا پی سی بی نے کرکٹ آسٹریلیا سے کہا تھا کہ وہ اپنی سیکیورٹی ٹیم کو پاکستان بھیجے تاکہ وہ پاکستان کی سیکیورٹی کا جائزہ لے۔ پی سی بی کو ابھی تک کرکٹ آسٹریلیا کے جواب کا انتظار ہے۔ پی سی بی ترجمان نے اتوار کو کہا کہ جب تک کرکٹ آسٹریلیا کا جواب نہیں آجاتا پی سی بی کے لئے اس بات کے امکانات موجود ہیں کہ آسٹریلوی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔ آسٹریلوی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ آسٹریلیا نے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔2009 میں لاہور میں سری لنکا کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد سے غیر ملکی ٹیمیں پاکستان آکر کھیلنے سے گریز کررہی ہیں۔ کرکٹ آسٹریلیا نے اپنےفیصلے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فی الحال دورہ ممکن نہیں، مستقبل میں پاکستان آکر کھیل سکیں گے۔ آسٹریلیا کی جانب سے انکار کے بعد پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تمام پانچ ون ڈے میچ اب متحدہ عرب امارات ہی میں ہوں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ آسٹریلیا کے دوران 2 ون ڈے کراچی میں کھیلنے کی تجویز دی تھی جب کہ سیریز کے باقی میچ متحدہ عرب امارات میں ہونا تھے۔ آسٹریلیا نے 1998سے پاکستان کا دورہ نہیں کیاہے۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ کرکٹ بھی اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کرچکا ہے۔ گذشتہ سال ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم نے اپریل میں کراچی میں ون ڈے سیریز کھیلی تھی۔ سری لنکا ٹیم پر حملے کے بعد زمبابوے،سری لنکا اور ورلڈ الیون کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کر چکی ہیں۔ گذشتہ دو سال سے پاکستان سپر لیگ کے میچ بھی کراچی اور لاہور میں ہوئے ہیں۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام جاری ہے۔

تازہ ترین