• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق صدر آصف علی زرداری نے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کی نوید سنادی،حزب اختلاف نے حکومت کو پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیا۔

میڈيا سے گفت گو میں آصف زرداری نے کہا کہ اپوزيشن جماعتوں کااتحاد ہوگیا ہے، تمام اپوزیشن کی نمایندگی کے لیے کمیٹی بنادی گئی ہے۔


ذرائع کے مطابق حزب اختلاف کے رہنمائوں کا اجلاس اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کے چیمبر میں ہوا،جس میں پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف، سابق صدر آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری،نوید قمر،مولانا اسعد الرحمٰن،امیر حیدر خان ہوتی ، شاہدخاقان عباسی، احسن اقبال اور رانا تنویر نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کی معاشی صورتحال پر سخت تحفظات کا اظہار کیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ حکومت کو فری ہینڈ دینے سے ملک خطرے سے دوچار ہوسکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں معاشی امور پر حکومت کو پارلیمنٹ میں ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا گیا، دیگر معاملات پر بھی پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں طے پایا کہ فوجی عدالتوں کے معاملے پر حکومت کے باضابطہ رابطے کے بعد پالیسی واضح کی جائے گی اور اس حوالے سے بھی اپوزیشن متفقہ پالیسی اختیار کرے گی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں صحافی نے آصف علی زرداری نے سوال کیا کہ کیا اتحاد ہوسکتا ہے؟ جس پر سابق صدر نے کہا کہ اتحاد ہوگیا ہے۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے اور تمام مسائل کے حل کےلئے مشترکہ جدوجہد کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مہمند ڈیم سنگل بڈ پر دیا گیا،معاشی حکمت عملی ہو یا میڈیا کی آزادی مشترکہ لائحہ عمل بنے گا،آج طے پایا کہ مشترکہ کمیٹی حکومت سے تمام امور پر بات کرے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ معاشی بحران حکومت کی بدترین نااہلی کا ثبوت ہے ،معاشی ،انسانی اور جمہوری حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا ،میثاق جمہوریت کو آگے بڑھا یا جائے گا۔

تازہ ترین