• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’وفاق اور کراچی کا اتحاد احسن طریقے سے چل رہا ہے‘

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ وفاق اور کراچی میں اتحاد احسن طریقے سے چل رہا ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے مرکز بہادر آباد کے دورے کے موقع پر وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم ایم کیو ایم کی سیاسی قوت کو تسلیم کرتے ہیں۔

ایم کیو ایم رہنمائوں سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب میں فواد چوہدری نے کہا کہ ایم کیو ایم کو سیاسی قوت تسلیم کرتے ہیں،جو کراچی کی سیاست کا اہم حصہ ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ پیسے بچانے کے معاملے پر اپوزیشن قائدین ایک ہیں،ان کا طریقہ واردات ایک جیسا ہے، ایک نے حدیبیہ بنائی دوسرے نے اومنی بنائی، دونوں پارٹیز کا ایجنڈا اور کرپشن ماڈل ایک جیسا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ آصف زرداری اور نواز شریف کی سیاست میں فرق نہیں، وہ ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، ن لیگ اور پی پی کی سیاست میں نظریہ ہے نہ قیادت، دونوں کی سیاسی اننگز ختم ہو چکی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وفاق اور کراچی میں اتحاد احسن طریقے سے چل رہا ہے،ایم کیو ایم کے دوستوں سے سندھ کے مسائل پر بات چیت ہوئی ہے۔

کنور نوید جمیل نے کہا کہ کراچی کو وفاقی حکومت کی سپورٹ کی ضرورت ہے، کراچی پر وفاق کا نظر کرم ہونا چاہیے، فواد چوہدری سے کراچی میں اپنے بند دفاتر کا ذکر کیا ہے جس پر فواد چوہدری نے کہا کہ وہ وزیراعظم سے بات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی تحفظات پر فواد چوہدری سے بات کی، میں3 پرائیوٹ سیکیورٹی گارڈ لے کر چلتا ہوں، کراچی میں ایسا ماحول ہو کہ ہر شہری خود کو محفوظ سمجھے، مارٹن کوارٹر کیس سپریم کورٹ کے سامنے ہے اس پرعمل کیا جارہا ہے، وفاقی حکومت کی نظرثانی اپیل بھی مسترد ہوئی ہے۔

اس موقع پر فواد چوہدری نے کہا کہ ہمیں ہر قدم پر ایم کیو ایم کی ضرورت پڑے گی، اٹھارویں آئینی ترمیم میں کئی آرٹیکل اچھے ہیں اور کئی برے ہیں، وفاق سے صوبوں کو اختیارات ملے لیکن صوبوں نے نیچے منتقل نہیں کیے۔

اس پر کنور نوید جمیل نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے تحت وزرائے اعلیٰ نے کروڑوں روپے خرچ کیے، ہائرایجوکیشن صوبوں کو دے کر تباہ کردیا گیا، جب تک اتفاق نہیں ہوتا آئینی ترمیم بالکل نہیں ہوسکتی، فوجی عدالتوں کے معاملے پر ایم کیو ایم سے اب تک بات نہیں ہوئی ہے۔

تازہ ترین