• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسمبلی اجلاس میں نہ آنے والے رکن کو نمائندگی کا حق نہیں، اسپیکر سندھ اسمبلی، حکومتی ارکان کی عدم دلچسپی پر ا ظہار برہمی اپوزیشن کے ’’اجلاس شروع کرو‘‘ کے نعرے

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی میں ایوان کی کارروائی مقررہ وقت پر شروع نہ ہونے پر اپوزیشن نے’’ اجلاس شروع کرو،عوام کے پیسے کا خیال کرو‘‘ کے نعرے لگادیے جبکہ ارکان کی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے حوالے سے عدم دلچسپی پر اظہاربرہمی کرتے ہوئے اسپیکر آغا سراج درانی نے کہا کہ جو رکن اسمبلی اجلاس میں نہیں آتااسکو نمائندگی کاحق نہیں، پرائیوٹ ممبر ڈے اجلاس کاایک گھنٹہ 45منٹ کی تاخیرسے آغاز ہوا ،آغا سراج درانی کو2گھنٹے تک ارکان کا انتظار کرنا پڑا، اجلاس میں آبادی کنٹرول کرنے کی قرار دادمتفقہ منظور کرلی گئی،سکھر سے اغوا تاجر کی 3روز میں بازیابی کی یقین دہانی بھی صوبائی وزیر کی جانب سے کروائی گئی، اجلاس کے دوران وقفہ سوالات پر پی ٹی آئی رکن نے کہا کہ پی ایس 130میں پینے کے پانی نہیں ، کیا کوئی پرسان حال ہے؟ جس پر صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ صورتحال کا جائزہ لیکر شکایات کا ازالہ کرینگے۔ جی ڈی اے رکن نےکہا کہ خیرپور میڈیکل کالج5سال بعد بھی رجسٹرڈ نہ ہوسکا، طلبا پریشان ہیں جس پر صوبائی وزیر عذرا پیچوہو نے کہا کہ رجسٹریشن کا عمل جلد مکمل ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کا اجلاس منگل کو پرائیوٹ ممبر ڈے کے موقع پر صبح 10بجے کے مقررہ وقت کے بجائے پونے 2گھنٹے کی تاخیر سے دوپہر 11بجکر 45 منٹ پراسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت شروع ہوا،اجلاس کے آغاز میں تاخیر پراپوزیشن ارکان میں اضطراب پیدا ہوا اور کئی ارکان نے اس تاخیر پرناراضی کا اظہار کیا، اس موقع پر جی ڈی اے کی خاتون رکن نصرت سحر عباسی نے ’’اجلاس شروع کرو‘‘ اور’’ عوام کے پیسے کا خیال کرو‘‘ کے نعرے لگوادیئے، نصرت عباسی اپنی نشست سے اٹھی اور انہوں نے پورے ایوان کا چکر لگاکر خالی پڑی ہوئی سرکاری نشستوں کی نشاندہی کی ،بعدازاں اسپیکر نے بھی اس بات پر برہمی کا اظہار کیا کہ وہ دو گھنٹے سے اپنے چیمبر میں بیٹھے اس بات کا انتظار کررہے تھے کہ ارکان آجائیں تو اجلاس شروع کیا جائے،انہوں نے کہا کہ ایوان میں عوام کے مسائل پربات کرنے کے لئے آتے ہیں،افسوس کہ ارکان اسمبلی میں وقت پر آنے کو ترجیح نہیں دیتے،جو رکن اسمبلی اجلاس میں نہیں آتااسکو نمائندگی کاحق نہیں،آغا سراج درانی کی اس تنبیہ پر جی ڈی اے کے رکن عارف مصطفیٰ جتوئی نے کہا کہ آپ پورے ایوان کوشرم نہ دلائیں بلکہ جو ایوان میں نہیں آتا اسکی نشاندہی کریں ۔ بعد ازاں سکھر میں تاجر رمیش لعل کے اغوااور اسکی بازیابی کے لئے حکومتی کوششوں سے متعلق ایم کیوایم کی اقلیتی رکن منگلا شرما کے ایک توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں صوبائی وزیر پارلیمانی امور مکیش کمار چالہ نے بتا یا کہ تاجر رمیش لعل کواگلے 2سے 3روز میں بازیاب کروالیاجائیگا۔رکن اسمبلی ماروی فصیح کے ایک توجہ دلائو نوٹس کے جواب میںصوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ نے بتایا کہ محکمہ ثقافت کے پاس 23 لائبریریزہیں،ا ن میں سے 11لائبریریز کے کمپیوٹر سیکشن میں وائی فائی سہولت میسر ہے،ایک لائبریری میں پبلک وائی فائی بھی ہے مگر وہاں سے شکایت آئی ہے وہاںوائی فائی کا غلط استعمال ہوتا ہے۔ پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی ریاض حیدر کے توجہ دلائو نوٹس کےجواب میں وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ علاقے کی صورت حال کا جائزہ لے کر شکایات کا ازالہ کریں گے ۔ جی ڈی اے کی خاتون رکن نصرت سحر عباسی کے خیرپور میڈیکل کالج کی رجسٹریشن سے متعلق توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں وزیر صحت ڈاکٹرعذرا فضل پیچوہونے یقین دہانی کروائی کہ رجسٹریشن کا عمل جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ علاوہ ازیں پرائیوٹ ممبر ڈے کے موقع پر ایم کیو ایم کی خاتون رکن رعنا انصار کی ایک قرارداد جوآبادی کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات سے متعلق تھی متفقہ طور پر منظور کرلی گئی،قرارداد کی حمایت میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کو اس حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہے، اس شعبے میں سب سے زیادہ کام بھی سندھ میں ہوا ۔

تازہ ترین