• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا میں ایسی کامیاب کاروباری شخصیات کی لمبی فہرست موجود ہے، جنہوں نے اپنی زندگی میں طویل جدوجہد اور برس ہا برس کی محنت کے بعد بے تحاشا دولت کمائی، تاہم ان شخصیات سے دو قدم  آگے ایسے بھی نوجوان ہیں جو کم عمری اورمختصر وقت میں کڑی جدوجہد، تخلیق اور ٹیکنالوجی کی بدولت دولت کے انبار کھڑے کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ ان کی کامیابی کا سہرا دن رات کی گئی محنت ،خوش قسمتی، ٹیکنالوجی کے نت نئے استعمالات یا پھر جدید تحقیقات کو قرار دیا جاسکتا ہے، جن کی بدولت یہ کم عمر افراد دولت کے پہاڑ کھڑے کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ امریکی جریدے فوربز کی جانب سے 2018ء کے بلینئرز (ارب پتی افراد ) کی فہرست جاری کردی گئی ہے، اس فہرست میں موجود کم عمر افراد کی تعداد پر بات کرتے ہیں۔

فوربز کی جانب سے 2018ء کی بلینئرز لسٹ میں دنیا بھر سے 2028 ارب پتی افراد کو شامل کیا گیا ہے۔ اس تعداد میں 63 افراد کی عمر 40 برس سے بھی کم ہے۔ یہ فہرست اس تناسب سے زیادہ خوش آئند ہے کہ گزشتہ برس مارچ میں جاری کی گئی فہرست کے اعداد و شمار میں چالیس برس سے کم عمر افراد کی تعداد 56 تھی، جو رواں برس بڑھ گئی ہے۔ 2017ء کی نسبت رواں برس اس فہرست میں شامل ہونے والے نئے افراد کا تعلق امریکا سمیت 17 مختلف ممالک سے ہے۔ ارب پتی افراد کی اس فہرست میں47 مرد جبکہ 16 خواتین شامل ہیں، جنھیں دولت وراثت میں ملی ہے۔ آئندہ برس ارب پتی افراد کی اس تعداد میں مزید اضافہ دیکھا جاسکے گا۔

40 برس سے بھی کم عمر 63 ارب پتی افراد میں 34 سے زائد مردوں کا شمار سیلف میڈ انٹرپرینیورز میں ہوتا ہے۔ انٹرپرینیورز کی یہ تعداد ذاتی جدوجہد کی بدولت 2018ء کے ارب پتی افراد کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی۔ 26افراد ایسے ہیں جو ٹیک انڈسٹری سے تعلق رکھتے ہیں، جن میں سے 10 افراد میسجنگ ایپس اور ای کامرس کے شعبے سے جبکہ دیگر شخصیات نے شیئرنگ اکانومی اور ڈرونز میں کمپنیاں بنا کر امیر ترین افراد کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے۔

اس فہرست میں سب سے کم عمر ارب پتی شخصیت ناروے سے تعلق رکھنے والی الیگزینڈرا اینڈرسن اور ان کی بہن (دوسرے نمبر پر) کیتھرینا اینڈرسن ہیں، جن کی عمریں 21 اور 22 سال ہیں۔ الیگزینڈرا اورکیتھرینا اینڈرسن 2016ء میں پہلی بار دنیا کے ارب پتی افراد کی فہرست میں شامل ہوئی تھیں۔ یہ دونوں بہنیں دنیا کے ارب پتی فرد جوہن ایچ اینڈرسن کی صاحبزادیاں ہیں۔ جوہن ایچ اینڈرسن نے اپنی دولت کا 42 فیصد حصہ اپنے گھر والوں کے نام کردیا تھا، جس کے نتیجے میں الیگزینڈرا اور کیتھرینا دنیا کے ارب پتی افراد کی فہرست میں پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔ الیگزینڈرا نے کچھ عرصہ قبل اپنی بہن کیتھرینا اینڈریسن کے ساتھ مل کر خاندانی ہولڈنگ کمپنی Ferd میں42 فیصد کی سرمایہ کاری کی، ان دونوں بہنوں کی دولت کا حجم 1.4ارب امریکی ڈالر ہیں ۔

اس فہرست میں سب سے کم عمر مرد ارب پتی افراد کی فہرست میں سب سے آگے ناروے کی معروف فش فارمنگ کمپنی SALMAR سے تعلق رکھنے والے Gustav Magnar Witzøe ہیں۔ ان کی کمپنی دنیا میں سب سے زیادہ سامن مچھلی پروڈیوس کرنے والی کمپنی کے طور پر جانی جاتی ہےجبکہ ان کے اثاثوں کی مالیت1.9ارب امریکی ڈالر ہے۔

اس فہرست میںGustav Magnar Witzøe کے بعد اسنیپ چیٹ کے بانی ایون اسپیجل ہیں، جن کے اثاثوں کی مالیت4.1ارب امریکی ڈالر ہے، حیران کن بات یہ ہے کہ ایون اسپیجل2015ء میں جب پہلی مرتبہ دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں شامل ہوئے تو ان کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 1.5ارب امریکی ڈالر تھی جو کہ کمپنی کی تیزی کے ساتھ ہوتی ترقی میں3 سال کے قلیل عرصے میں ہی 4ارب امریکی ڈالر سے زائد ہوچکی ہے۔ اس فہرست کے پانچویں کم عمر ترین بلینئر27سالہ جوہن کولیسن ہیں جو کہ انٹرنیٹ کے ذریعے بننے والی معروف کمپنی Strip کے بانی ہیں۔ جوہن کولیسن نے یہ کمپنی اپنے بھائی پیٹرک کولیسن کی شراکت سے 2011ء میں شروع کی تھی۔ اس کمپنی کا ہیڈکوارٹر سان فرانسکو میں قائم ہے، یہی وجہ ہے کہ جوہن اور پیٹرک کولیسن بھی سان فرانسکومیں ہی رہائش پذیر ہیں۔

رواں برس فوربز کی فہرست میں شامل 40 سال سے کم عمر امیر ترین افراد کی فہرست میں سب سے زیادہ اثاثے رکھنے والی شخصیت فیس بک کے بانی مارک زکر برگ کی ہے، جن کے اثاثوں کی مالیت 7.1ارب امریکی ڈالر ہے۔ اس فہرست میں شامل تمام کم عمر افرادکے اثاثوں کی مجموعی مالیت265ارب امریکی ڈالر ہے جبکہ گزشتہ برس یہ مجموعی رقم 208ارب امریکی ڈالر تھی۔

تازہ ترین