• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہر میں کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر پر پابندی ہٹانے کی ہدایت

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کراچی شہر میں کثیرالمنزلہ عمارتوں کی تعمیر پر پابندی ہٹائے جانے کے سپریم کورٹ کے احکام کی روشنی میں ہائوسنگ اینڈ پلاننگ ڈپارٹمنت حکومت سندھ نے ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو عدالتی حکم پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے، جس سے کراچی کے بلڈرز اور ڈیولپرز میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے شہر قائد میں تقریبا 2 برسوں سے کثیر المنزلہ عمارات کی تعمیر پر پابندی کے باعث آباد ممبر بلڈرز کے 330 پروجیکٹس التوا کا شکار تھے، تعمیراتی سرگرمیاں ٹھپ اور 600 ارب روپے کی سرمایہ کاری رک گئی تھی۔گزشتہ روز سیکریٹری لوکل گورنمنٹ ہائوسنگ اینڈ پلاننگ ڈپارٹمنٹ حکومت سندھ نے ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے کو خط جاری کیا ہے جس میں ڈی جی کو سپریم کورٹ کے احکام کی روشنی میں کثیرالمنزلہ عمارتوں پر پابندی ہٹائے جانے کے سلسلے میں ضروری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔عدالتی حکم پر عمل درآمد کرانے میں حکومت سندھ کوایک ماہ سے زیادہ عرصہ لگ گیا اس کے باوجود سندھ حکومت کی جانب سے مذکورہ خط جاری ہوتے ہی بلڈرز اور ڈیولپرز نے اسے سراہا ہے۔

تازہ ترین