• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آن لائن ڈاکا، ایک ارب سولہ کروڑ ای میل ایڈریسز اور پاس ورڈز چوری

کراچی(رفیق مانگٹ)انٹرنیٹ تاریخ میں صارفین کی پرائیویسی کی سب سے بڑی چوری کا انکشاف ہوا ہے،ہیکرز نے ایک ارب سولہ کروڑسے زائد ای میل ایڈریس اور پاس ورڈز چوری کرکے آن لائن پوسٹ کردیئے ۔برطانوی میڈیا نے سائبر سیکورٹی ماہرین کے حوالے سے لکھا کہ خفیہ معلومات پر مشتمل87جی بی کا یہ ڈیٹا ہیکر فورم میں چھپایا گیا تھا جس میں 1,160,253,228 منفرد ای میلز اور پاس ورڈ ز کا مجموعہ بھی ہے۔ ان میں کچھ اعدادوشمار کے بارے خیال کیا جارہا ہے کہ وہ پرانے یا مسترد شدہ ہیں،یا جن کی کوئی اہمیت نہیں اور ان میں سے کچھ گزشتہ کارروائیوں میں ہیک کیے گئے ہیں جن میں سوشل میڈیا سائیٹ ’’مائی اسپیس اور LinkedIn ‘‘شامل ہیں۔ ان میں 14کروڑ گزشتہ محفوظ سمجھے جانے والی ای میلز بھی ہیں ۔ اس کے علاوہ 77کروڑ30لاکھ منفرد ای میلز کے ساتھ ان کے پاس ورڈز بھی موجود ہیں،تاریخ کی بڑی نقب زنی میں دنیا بھر کے صارفین متاثر ہوئے ہیں۔ ہیکرز نے جن منفرد قسم کے ای میلز اور پاس ورڈز کو چوری کیا ،ان میں ای میلز کی تعداد772,904,991 اور پاس ورڈز کی تعداد21,222,975 ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ ہیک شدہ مواد میں ایسی ویب سائٹس جو پاس ورڈز کو چوری ہونے سے محفوظ کرتی ہیں ان تک بھی رسائی حاصل کی گئی اور ان کا مواد بھی چرایا گیا، وہ بھی پریشان ہیں،اس ڈیٹا میں ایسی دو ہزار سے زائد ویب سائٹ کو ایکسپوز کیا گیاہے،تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ اتنی بڑی تعداد میں یہ ڈیٹا کیسے چوری ہوئی۔سائبر سیکورٹی حکام نے صارفین کو اس حوالے سے تاکید کی ہے کہ 123456اور 111111جیسے پاس ورڈ ز استعمال نہ کریں۔ صارفین اپنے ای میل کے محفوظ یا چوری ہونے کے متعلق جاننا چاہیں تو درج لنک https://haveibeenpwned.com/میں اپنا ای میل ایڈریس لکھ کر معلوم کرسکتے ہیں۔پاس ورڈ کے محفوظ یا چوری ہونے کے متعلق درج https://haveibeenpwned.com/Passwordsسائٹ پر معلوم کرسکتے ہیں۔

تازہ ترین