• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حفیظ، امام کی نصف سنچریاں، جنوبی افریقا کو 5 وکٹ سے شکست

پاکستان نے پہلے ایک روزہ میچ میں امام الحق اور محمد حفیظ کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت جنوبی افریقا کو 5 وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں 1۔0 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

پورٹ الیزبتھ میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور ہاشم آملہ کی شانداری سنچری اور ڈاوسن کے 93 رنز کی بدولت اسکور بورڈ پر 2 وکٹ 266 رنز کا مجموعہ سجایا۔

جواب میں پاکستان نے 267 رنز کا ہدف 5 گیندوں قبل ہی حاصل کرلیا، میچ کی خاص بات امام الحق کے 86 اور محمد حفیظ کے 71 رنز ناٹ آوٹ رہے۔

 پاکستان کی طرف سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا، پہلی وکٹ پر 45 رنز کی شراکت قائم کی،فخر زمان کو میچ میں ایک چانس ملا مگر اونچا شارٹ کھیلنے کی کوشش میں وہ باؤنڈری لائن پر کیچ آوٹ ہوگئے، انہوں نے 1 چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 25 رنز کی اننگز کھیلی۔

دوسری وکٹ پر امام الحق نے بابراعظم کے ساتھ مل کر 94 رنز کی شراکت قائم کی، اس دوران امام الحق نے اپنی نصف سنچری مکمل کی، 139 کے اسکور پر بابر اعظم 49 رنز بناکر ہائنرکس کی گیند پر بولڈ ہوگئے،انہوں نے اپنی بیٹنگ کے دوران 5 بار گیند کو باؤنڈی لائن سے باہر کا راستہ دکھایا۔

سرفراز الیون کی تیسری وکٹ اوپنر امام الحق کی گری،86 رنز کی عمدہ اننگز کھیلے والے اوپنر کو اولیور نے ہائنرکس کی مدد سے قابو کرلیا، انہوں نے اس دوران 2 چھکے اور 5 چوکے لگائے۔

گرین شرٹس کی چوتھی وکٹ 218 رنز پر گری، سینئر بیٹسیمین شعیب ملک 12 رنز بناکر پریٹورئیس کا شکار بن گئے۔

کپتان سرفراز احمد ایک بار پھر دھوکا دے گئے، 223 کے اسکور پر عمران طاہر نے صرف 1 رنز پر میدان سے واپسی کا راستہ دکھایا۔

کپتان سرفراز احمد کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد میچ ففٹی کی صورتحال اختیار کرگیا تھا پر محمد حفیظ نے شاداب خان 18 رنز کے ساتھ مل کر میچ پاکستان کے حق میں موڑ دیا۔

اس سے قبل جنوبی افریقا نے اوپنر ہاشم آملہ کی شاندارسنچری اور پہلا میچ کھیل رہے ون ڈائون بیٹسمین ڈاوسن کی 93 رنز کی عمدہ اننگز کی بدولت مقررہ 50اوورز میں 266رنز بنائے ۔

جنوبی افریقا کو پہلی وکٹ پر 82رنز کاپراعتماد آغاز ملا تھا ،جس کے بعد دوسری وکٹ پر ہاشم آملہ اور ڈاوسن نے انتہائی عمدہ بیٹنگ کی تاہم اس کے باوجودہ میزبان ٹیم اسکور بورڈ پر 300 یا اس سے زائد کا اسکور کرنے میں ناکام رہی۔

کپتان سرفراز احمد نے میچ میں 7 بالرز آزمائے مگر کوئی بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہوسکا، حسن علی اور شاداب خان نے بالترتیب 42 اور 41 رنز کے عوض ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔

تازہ ترین