• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یاسین آباد، آگ سے 300 جھونپڑیاں اور سامان خاکستر، آگ لگی نہیں لگائی گئی ہے، متاثرین کا الزام

کراچی (اسٹاف رپورٹر )عزیز آبادکے علاقے یاسین آباد میں آتشزدگی کے باعث 300سے زائد جھونپڑیاں اور سامان جل کر خاکستر ہو گئیں،متاثرین نے الزام لگایا ہے کہ آگ لگی نہیں لگائی گئی ہے،تفصیلات کے مطابق یاسین آباد قبرستان کے عقب میں قائم سات ایکڑ اراضی پر قائم جھونپڑ بستی میں اتوار کی صبح اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کی اطلاع ملتے ہی 2گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کردی تاہم جھاڑیوں لکڑیوں کی وجہ سے آگ تیز ی سے پھیلنے لگی جس پر مزید گاڑیوں کو طلب کرلیا گیا اور واٹر بورڈ سے 4 ٹینکر بھی موقع پر پہنچ گئے ،ترجمان نے بتایا کہ آگ پر مجموعی طور پر 6گاڑیوں نے تقریبا 5گھنٹے کی جدوجہد کے بعد قابو پالیا،آگ لگنے کے باعث 300سے زائد جھونپڑیاں جل کر خاکستر ہو گئیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،ڈپٹی کمشنر سینٹرل جاوید مہر کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کے لیئے کھانے اور پانی کا انتظام کر رہے ہیں جبکہ آگ لگنے کی تحقیقات بھی کروائی جائیں گی،دوسری جانب علاقہ مکینوں نے بتایا کہ متنازعہ اراضی کا کیس کورٹ میں بھی چل رہا ہے مختلف لوگ ہیں جو مبینہ طور پر دھمکاتے بھی تھے،متاثرین کا کہنا تھا کہ آگ لگی نہیں بلکہ لگوائی گئی ہے۔

تازہ ترین