• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ساہیوال واقعہ کے ذمہ داروں کو کڑی سزا دی جائے، زاہد مغل

بریڈ فورڈ (محمد رجاسب مغل) پاکستان پیپلز پارٹی بریڈ فورڈ نے ساہیوال واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزائے دی جائیں، حکومتی وزرا نے قتل ہونے والے لوگوں کو دہشت گرد قرار دے کر اپنی نااہلی پر پردہ ڈالنے کی بھونڈی کوشش کی ہے، پیپلز پارٹی برطانیہ کے انفارمیشن سیکرٹری زاہد مغل، بریڈ فورڈ کے صدر آصف نسیم راٹھور، بریڈ فورڈ کے مذہبی امور کے صدر علامہ قاری محمد عباس اور دیگر رہنمائوں نے کہا کہ سانحہ ساہیوال میں معصوم بچوں کے سامنے ان کے والدین کو بیدردی سے گولیاں مارکر قتل کردیا گیا، ایک نہتے خاندان کا سی ٹی ڈی پولیس کے ہاتھوں قتل بدترین دہشت گردی ہے، بیوی اور بچوں کے ساتھ سفر کرنے والے شخص کو دہشت گرد قرار دے کر مار دینا کہاں کا قانون ہے، اگر کار میں کوئی مطلوب افراد سوار تھے، تب بھی بچوں اور عورتوں کا تو خیال رکھا جاتا کہاں ہیں ریاست مدینہ بنانے کے دعویدار، کہاں گیا ان کا انصاف اور قانون، پولیس اور ریاست مدینہ کے دعویداروں کو کس نے یہ حق دیا کہ جب چاہیں جس پر چاہیں دہشت گردی کا لیبل لگاکر گولیاں چلا دیں، دو مرد، ایک عورت اور ایک لڑکی کو چند سیکنڈ میں موت کے گھاٹ اتار دیا، ان معصوموں کے خون کے چھینٹے حکمرانوں کے دامن پر ہیں، رہنمائوں نے کہا کہ عمران خان اگر ریاست مدینہ قائم کرنے کے دعویدار ہیں تو پھر ان کے خلاف یہ مقدمہ درج کرنا بنتا ہے، پی پی پی رہنمائوں نے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان کی سخت مذمت کی ہے جس میں انہوں نے ہلاک ہونے والوں کو دہشت گرد قرار دیا جب کہ ہلاک شدگان کے اہل محلہ ان کے اچھے الفاظ میں تعریفیں کررہے ہیں اور ان کی پاک دامنی کی گواہی دے رہے ہیں لیکن موجودہ حکومت کا وزیر حکومت کی نااہلی اور نالائقی کی پردہ پوشی کررہا ہے، حکومت نے پہلے لوگوں سے روزگار چھینا، گھر چھینے، اب جینے کا حق بھی چھینا جارہا ہے، وزیراعظم اور ان کی حکومت کو احساس ہی نہیں کہ ملک کو کہاں لے کر جارہے ہیں، پی پی پی متاثرہ خاندان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچاکر دم لیں گے، اللہ تعالیٰ انصاف کرنے والا ہے، وہ ان مظلوموں اور ان یتیم ہونے والے بچوں کو ضرور انصاف دے گا۔

تازہ ترین