• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پانچواں میچ: پاکستان کا جنوبی افریقا کو 241 رنز کا ہدف

پاکستان نے ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں جنوبی افریقا کو 241 رنز کا ہدف دے دیا۔

کیپ ٹاؤن میں کھیلے جارہے میچ میں جنوبی افریقا کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔


گرین کیپ کی طرف سے فخر زمان 70 اور عماد وسیم 47 رنز کی ناقابل شکست اننگز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے۔

امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا،گرین شرٹس کی پہلی وکٹ 8 کے مجموعی اسکور پر گر گئی، اہم ترین میچ میں امام الحق 8 رنز بناکر اسٹین کا شکار بن گئے۔

دوسری وکٹ پر فخر زمان اور بابراعظم نے 54 رنز کی شراکت قائم کی،64 کے اسکور پر بابراعظم 24 رنز بناکر پریٹوریس کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

گرین شرٹس کی تیسری وکٹ 108 رنز پر گری، محمد حفیظ 17 رنز بناکر فیلو کوائیو کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آوٹ ہوئے۔

پاکستان کی چوتھی وکٹ فخر زمان کی گری، وہ 70 رنز کی شاندار انفرادی اننگز کھیل کرفیلو کوائیو کی گیند پر عمران طاہر کو کیچ تھما بیٹھے،اوپنر نے اپنی اننگز کے دوران 10 چوکے لگائے۔

گرین شرٹس کے پانچویں آوٹ ہونے والے بیٹسمین محمد رضوان تھے، وہ 36 گیندوں پر 1 چوکے کی مدد سے 10 رنز بناکر پریٹوریس کا دوسرا نشانہ بنے۔

کپتان شعیب ملک 174 کے مجموعی اسکور پر 31 رنز کی اننگز کھیل کر رن آوٹ ہوگئے تو پاکستانی کی طرف سے بڑے اسکور کی امیدیں دم توڑ گئیں۔

شاداب خان 19 رنز بناکر مولڈر کا شکار بن گئے،یوں 200 کے اسکور پر پاکستان کی 7 وکٹیں گر چکی تھی۔

گرین شرٹس کی آٹھویں وکٹ 221 رنز پر گری،محمد عامر 6 رنز بناکر ربادا کا پہلا شکار بن گئے۔

جنوبی افریقا کی طرف سے فیلو کوائیو، پریٹوریس نے 2،2 جبکہ ربادا ،مولڈر اور ڈیل اسٹین نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز 2،2 سے برابر ہے آج کا میچ کی فاتح سیریز اپنے نام کرلے گی۔


تازہ ترین