• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاق اورصوبائی حکومتیں کراچی کو جائز حق دیں، میئر کراچی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے مطالبہ کیا ہے کہ صوبائی اور وفاقی حکومتیں کراچی کو اس کا جائز حق دیں اور خصوصی ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا جائے ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینیر عامر خان نے کہا کہ یہ بڑی بدقسمتی کی بات ہے کہ اس شہر کو کوئی حکومت اپنانے کو تیار نہیں جب تک اس شہر کو اون نہیں کیا جائے گا شہر کے مسائل حل نہیں ہوں گے ان خیا لات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب ضلع وسطی فیڈرل بی ایریا بلاک 6 میں شہید سید علی رضا عابدی کے نام سے منسوب فیملی پارک اور سعید کرکٹ گراؤنڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینیر عامر خان، ڈپٹی کنوینیر کنور نوید جمیل، ضلع وسطی کے وائس چیئرمین سید شاکر علی، رابطہ کمیٹی کے رکن زاہد منصوری، یوسی 28 کے چیئرمین حسن نقوی، خرم فرحان سمیت بلدیاتی نمائندے اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی، میئر کراچی نے کہا کہ ہم نیک نیتی سے شہر کے مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں ہیں کیونکہ شہر میں مسائل کے انبار ہیں، لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں، سیوریج کا نظام تباہ ہوچکا ہے، صفائی کا انتظام انتہائی ناقص ہے، ٹرانسپورٹ کی سہولیات میسر نہیں اور گزشتہ 12 سال میں شہریوں کو دو بسیں تک نہیں دی گئیں لہٰذا ضرورت ا س بات کی ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس شہر کو اس کا جائز حق دیں تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات میسر آسکیں، میئرکراچی نے شہید سید علی رضا عابدی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس پارک کو انسے منسوب کیا گیا ہے کیونکہ ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیاجاسکتا، میئر کراچی نے ہدایت کی اس پارک کو اور گراؤنڈ کو خالصتاً تفریحی مقاصد کے لئے استعمال میں لایا جائے اور اس کی نگرانی کے لئے علاقہ مکینوں پر مشتمل کمیٹی قائم کرکے ان کے حوالے کیا جائے تاکہ وہ اس کی نگہداشت اور نگرانی از خود انجام دے سکیں، ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینیر عامر خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بڑی بدقسمتی کی بات ہے کہ اس شہر کو کوئی حکومت اپنانے کو تیار نہیں جب تک اس شہر کو اون نہیں کیا جائے گا شہر کے مسائل حل نہیں ہوں گے، شہر کی ترقی اور بہتری کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر کھڑے ہونا ہوگا کیونکہ اس شہر میں پاکستان کی تمام قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد آباد ہیں اور یہ شہر بلا تفریق رنگ ونسل انہیں روز گارکے مواقع فراہم کرتا ہے۔
تازہ ترین