• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان اسمبلی میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق قرارداد منظور

بلوچستان اسمبلی میں بلدیاتی انتخابات کے لئے وقت دیئے جانے اور لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2010 میں اصلاحات سے متعلق قرارداد منظور کرلی گئی۔

بلوچستان بنیادی ڈھانچہ ترقیاتی محصول کا بل 2019 بھی منظور کرلیا گیا،ایوان نے بلوچستان لازمی تعلیمی خدمات کا مسودہ قانون متعلقہ کمیٹی کےحوالےکردیا۔

بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے لئے 2010 ایکٹ میں اصلاحات کی ضرورت سے متعلق صوبائی وزیر اطلاعات ظہور بلیدی نے مشترکہ قرارداد پیش کی، جس میں بتایا گیا کہ صوبائی الیکشن کمیشن بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے لئے وقت دے،لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں اصلاحات کی ضرورت ہے،جسے ایوان میں متفقہ طور پر منظور کرلیا۔

رکن اسمبلی بشرہ رند نے بلوچستان بنیادی ڈھانچہ ترقیاتی محصول کا بل ایوان میں پیش کیا،اس بل پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ جام کما ل خان نے کہاکہ سندھ حکومت کے طرز پر بلوچستان حکومت گوادر سے 1فیصد محصول ٹیکس لے گی، اس بل کے آنے سے بلوچستان کے ریونیو میں اضافہ ہوگا، ایوان نے بلوچستان بنیادی ڈھانچہ ترقیاتی محصول مسودہ قانون منظور کرلیا۔

اسمبلی میں مشیر تعلیم محمد خان لہڑی نےلازمی تعلیمی کا مسودہ قانون ایوان میں پیش کیا، مسودہ قانون کو متعلقہ کمیٹی کے حوالے کردیاگیا۔

اجلاس میں پشتونخوا میپ کے رکن اسمبلی نصراللہ زیرے اور عوامی نیشنل پارٹی کے اصغر خان اچکزئی نے ابراہیم ارمان لونی کےحوالے سے تحریک التوا پیش کی جو کہ رائے شماری کے بعد 14 فروری کے اجلاس میں بحث کے لئے منظور کر لی گئی۔

بعد ازاں بلوچستان اسمبلی کا اجلاس 14 فروری تک کے لئے ملتوی کردیا گیا۔

تازہ ترین