• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک بحریہ کامیاب مشق کے انعقاد پر مبارکباد کی مستحق ہے، صدر عارف

پاک بحریہ کے زیر ِ اہتمام منعقد ہونے والی کثیرالملکی میری ٹائم مشق شمالی بحیرہ عرب میں بحری حربی تدبیروں اور انٹرنیشنل فلیٹ ریویو کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی۔مشق میں 46 ممالک نے ”امن کے لیے متحد“ کے عزم کے تحت حصہ لیا۔ ​شمالی بحیرہ عرب میں مشق کے اختتامی سمندری فیز کے دوران منعقدہ انٹرنیشنل فلیٹ ریویو کے مہمان ِ خصوصی صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی تھے۔46ممالک کے بحری اثاثوں بشمول جنگی بحری جہازوں ، ہیلی کاپٹرز،اسپیشل آپریشنز فورسزاور مندوبین نے مشق میں حصہ لیا۔


​پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس معاون آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور پاک بحریہ کے سینئر افسران نے صدر مملکت کا استقبال کیا۔اس موقع پر وزیر دفاع، وزیر برائے دفاعی پیداوار، وزیراعلیٰ سندھ، چیئرمیں جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی،چیف آف آرمی اور چیف آف ایئر اسٹاف بھی موجود تھے۔اس کے علاوہ سفیروں، اعلیٰ عسکری حکام، مختلف ممالک کے دفاعی و نیول اتاشیوں اور اعلیٰ حکام بھی انٹرنیشنل فلیٹ ریویو کے موقع پر موجود تھے۔

​مہمانِ خصوصی نے مختلف آپریشنل سرگرمیوں کا جائزہ لیا جن میں سطح سمندر سے مقررہ اہداف کو نشانہ بنانے کی فائرنگ اور سمندر میں ایک جہاز سے دوسرے جہاز کو تیل کی فراہمی اورمختلف بحری جنگی تدابیر کا مظاہرہ شامل تھا۔ فلیٹ ریویو کے دوران مشق میں شریک ممالک کے ایئر کرافٹ اور ہیلی کاپٹرز کی جانب سے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا گیا۔بعدازاں، مشق میں حصہ لینے والے جہازوں نے میری ٹائم خطے میں اتحاد اور ہم آہنگی کے اظہار کے لیے روایتی ”امن فارمیشن“ بنائی۔

​صدر پاکستان نے اس بڑی مشق کے کامیاب انعقاد پر پاک بحریہ کو مبارک باد پیش کی اور خطے میں قیام ِ امن و استحکام کے ضمن میں پاکستان کے عزم کو سراہا۔ڈاکٹر عارف علوی نے مشق میں کثیر تعداد میں ہم خیال ممالک کی شرکت کو سراہا اور کہا کہ یہ مشق میری ٹائم شراکت داروں کی مشترکہ کاوشوں سے خطے کو مزید پُر امن اور محفوظ بنائے گی۔انہوں نے مختلف النوع میری ٹائم خطرات سے نبردآزما ہونے اور خطے میں امن و عامہ کو یقینی بنانے کے لیے عسکری تعاون پر زور دیا۔

​ دومرحلوں میں منعقد ہونے والی مشق امن میں 46 ممالک نے شرکت کی ۔مشق کا ہاربر فیز کے دوران عالمی میری ٹائم کانفرنس، سیمینارز، مباحثوں، جہازوں کے باہمی دوروں، ملاقاتوں ، انٹرنیشنل بینڈ ڈسپلے ، انسدادِ بحری دہشت گردی کی مشقوں، ثقافتی میلے اور فوڈ گالا کا انعقاد کیا گیا۔ سمندری فیز میں ہاربر فیزکے دوران حتمی شکل پانے والی آپریشنل سرگرمیوں اور منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا گیا جبکہ انٹرنیشنل فلیٹ ریویوسمندری فیز کا حصہ تھا۔

تازہ ترین