• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

چمکتی دمکتی سپر لیگ ٹرافی بے نقاب، ٹیمیں حصول کیلئے بے قرار


کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ شروع ہونے سے پہلے پورے ملک میں کرکٹ فیور نے پورے ملک اور متحدہ عرب امارات کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔ 


منگل کو دبئی میں پروقار تقریب میں چمکتی دمکتی پی ایس ایل فور کی ٹرافی بے نقاب ہوئی۔ تقریب رونمائی میں تمام چھ کپتانوں کا فوٹو سیشن ہوا اور اس موقع پر فرنچائز مالکان بھی موجود تھے۔ دبئی میں جمعرات کو پی ایس ایل 4 کا باقاعدہ آغاز اسلام آباد یونائٹیٹد اور لاہور قلندرز کے میچ سے ہوگا، جس کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سر فراز احمد، پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی، لاہور قلندرز کے محمد حفیظ ، کراچی کنگز کے عماد وسیم، ملتان سلطانز کے شعیب ملک اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع نے مختلف ٹرافیوں کی رونمائی کی۔ کپتانوں نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔ پی سی بی چیف احسان مانی نے اس موقع پر کہا کہ تین سال میں پاکستان سپر لیگ پاکستان کا فخر بن چکی ہے، لیگ کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو اپنا ہنر دکھانے کا موقع دینا ہے۔ ٹرافی پاکستان کی ثقافت اور روایات کے ساتھ اس کے مستقبل کی عکاس ہے۔ سپر لیگ کا اب تک کا سفر شاندار ہے، ایونٹ کی کامیابی میں فرنچائز اونرز، اسپانسرز اور سب سے زیادہ کردار کھلاڑیوں نے ادا کیاہے۔ دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع کا کہنا تھا کہ قیادت بڑی ذمہ داری اور اعزاز ہے، ٹیم بھی اچھی اور متوازن ہے۔ اس بڑی ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے ٹیم کو مسلسل دوسری بار ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔ ملتان سطان کے کپتان شعیب ملک نے کہا کہ پچھلے سال اچھا کھیلا ، لیکن فنش نہیں کر سکے، امید ہے کہ کارکردگی میں تسلسل برقرار رہےگا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ پہلے منزل کے قریب پہنچ کر ہمت ہار جاتے رہے، اس بار مشن مکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔ لاہور قلندرز کے کپتان محمد حفیظ نے کہا کہ ہم نے اچھی ٹیم کا انتخاب کیا ہے۔ گزشتہ ایڈیشنز میں کی جانے والی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے اس بار پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر رہنے والی ٹیم کا ٹیگ اتارنے کی کوشش کریں گے۔ چیلنج لینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم انتظامیہ نے اچھی ٹیم کا انتخاب کیا ہے۔ کراچی کنگز عماد وسیم نے کہا کہ سب ٹیمیں ایک جیسی ہیں، کوئی فیورٹ نہیں، سابق کپتان وسیم اکرم سے سیکھنے کا موقع ملے گا، پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا کہ ہر ٹیم اچھی نظر آرہی ہے۔ خاص طور پر لاہور قلندرز مضبوط اسکواڈ ہے، ہم بھی ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

تازہ ترین