• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی ولی عہد کے دورے سے سرمایہ کاری کی نئی راہ ہموار ہوگی، چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد( طاہر خلیل)چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مضبوط ہیں، امید ہے یہ مزید مستحکم ہوں گے، سعودی ولی عہد کے دورے سے سرمایہ کاری کی نئی راہ ہموار ہوگی۔تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاک سعودی تعلقات سے متعلق تصویری نمائش کا انعقاد ہوا۔ سعودی سفیر نواف سعید الملکی اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے تصویری نمائش کا افتتاح کیا۔نمائش میں سعودی حکمرانوں کے دورہ پاکستان کی تصاویر آویزاں کی گئیں۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کے بھرپور تعاون پر شکر گزار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب میں وفود کی سطح پر تبادلے ہوں گے۔ اسلامی ثقافت کے تحفظ میں سعودی عرب کا کردار قابل تعریف ہے۔سعودی سفیر نواف سعید الملکی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات پائیدار بنیادوں پر وسعت پذیر ہیں انہوں نے کہا کہ نئے شعبوں میں تعاون سے دونوں ملکوں کے عوام کو فائدہ ہو گا۔چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ خطے کی بہتری کے لیے دونوں ممالک ایک دوسرے سے تعاون کر سکتے ہیں، سعودی شوریٰ کے وفد کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی ہے۔ پاکستانی عوام سعودی عرب کی سرمایہ کاری سے خوش ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اسلامی فوجی اتحاد کو سراہنا چاہئے۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب اقتصادی شراکت داری کے ایک نئے دور میں داخل ہو گئے ہیں اور سعودی ولی عہد کے دورے سے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے نئی راہیں ہموار ہونے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں12 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سی پیک کے مستقبل کو مزید روشن کرنے میں مددگار ثابت ہوگی جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے سعودی سفارتخانے کو اس شاندار نمائش کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی ۔ سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر سید شبلی فراز ، سینیٹر دلاور خان ، سینیٹر آغا شاہ زیب درانی بھی چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ تھے ۔

تازہ ترین