• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر ، جھڑپ میں کمانڈو سمیت 2بھارتی فوجی ہلاک ،نوجوان شہید

سرینگر(جنگ نیوز) مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ایک جھڑپ کے دوران کمانڈو سمیت 2بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک نوجوان شہید ہو گیا،دوسری جانب فورسز کے ساتھ جھڑپ میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق نوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں منگل کو مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان معرکہ آرائی میں 2فوجی اہلکار مارے گئے جبکہ ایک نوجوان بھی شہید ہوا ۔ اس جھڑپ میں ایک فوجی اہلکار زخمی بھی ہوگیا ۔پولیس ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بھارتی میڈیا نے کہا کہ فوج، سی آر پی ایف اور ایس او جی اہلکاروں نے پلوامہ میں رتنی پورہ گائوں کو محاصرے میں لیکر سرچ آپریشن کا آغاز کیا اس دوران مجاہدین اور فورسز کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا۔ہلاک اہلکار کی شناخت سپاہی بلجیت سنگھ اور نائیک سنید جبکہ زخمی اہلکار کی شناخت حوالدار چندر پال کے طور ہوئی ہے۔محاصرے کے دوران لوگوں کی بڑی تعداد بھی جائے وقوعہ پر پہنچی اور احتجاج کیا ۔اس دوران فورسز کے ساتھ جھڑپ میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ۔اس موقع پر علاقے میں دکانیں اور بازار بند کیے گئے ۔بھارتی فورسز نے انٹر نیٹ اور موبائل سروس پہلے ہی بند کر دی تھی۔علاقے میں تعلیمی ادارے بھی بند رہے۔دریں اثناء کلگام میں بھارتی فوج کے ہاتھوں پی ایچ ڈی اسکالر ڈاکٹر ذیشان سمیت پانچ نوجوانوں کی شہادت کیخلاف وادی کے مختلف علاقوں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے ۔اس دوران مختلف علاقوں میں لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کئے اور ریلیاں نکالیں ۔دھر مزاحمتی جماعتوں کی طرف سے کلگام کے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔

تازہ ترین