• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب اور پاکستان اسلام کے لافانی رشتے میں بندھے ہیں، سراج الحق

کراچی(جنگ نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان اسلام کے لافانی رشتے میں بندھے ہوئے ہیں،پاکستان سعودی عرب کے تحفظ کو اپنا فرض سمجھتا ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات بہت پرانے اور ناقابل تسخیر ہیں۔ سعودی عرب اور پاکستان یک جان دو قالب ہیں۔ پاکستان عالم اسلام کی واحد ایٹمی قوت ہونے کے ناطے پوری امت کی حفاظت خصوصاً سعودی عرب کے تحفظ اور سلامتی کو اپنا فرض سمجھتا ہے۔ شاہ فیصل شہید پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے تھے،اسلام آباد میں فیصل مسجد اور بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی قائم کی۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مل کر عالم اسلام کو مسائل کی دلدل سے نکالیں گے۔ دونوں ملک امت مسلمہ کی امیدوں کا مرکز ہیں۔ شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان عالم اسلام کیلئے خوشی اور مسرت کا پیغام ہے۔ سعودی عرب میں تیس لاکھ پاکستانی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ سعودی عرب خادم حرمین شریفین کے مقام و مرتبہ پر فائز ہونے کی وجہ سے عالم اسلام کا حقیقی قائد ہے۔
تازہ ترین