• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں فائرنگ سے 2 پی ٹی آئی کارکن جاں بحق

کراچی کے دو مختلف علاقوں میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ کے نتیجے میں پاکستان تحریک انصاف کے 2 کارکن جاں بحق ہو گئے۔

پولیس کے مطابق سائٹ ایریا باوانی چالی اور اورنگی ٹاون نمبر 11 رحمت چوک کے قریب فائرنگ سے دو افراد زخمی ہو گئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کے دونوں راستے میں دم توڑ گئے۔

جاں بحق افراد کی شناخت عبدالرحمان اور شفقت کے نام سے ہوئی ہے، پولیس کو جائے وقوع سے نائن ایم کے 2خول ملے ہیں۔

مقتول شفقت دوست کی آئل کی دکان سے نکل کر گھر جا رہا تھا کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر کے اسے قتل کر دیا ۔

سائٹ باوانی چالی پر جائے وقوع سے 30بور پستو ل کے 3خول ملے ہیں، دونوں علاقوں کی پولیس واقعات کی تحقیقات کر رہی ہے۔

علاوہ ازیں کراچی کے علاقوں سائٹ اوراورنگی ٹاؤن میں فائرنگ کا نشانہ بننے والے عبدالرحمٰن اور شفقت کے قتل کے مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، مقدمات نامعلوم ملزمان کے خلاف درج ہوئے۔

عبدالرحمٰن کے قتل کی ایف آئی آر تھانہ سائٹ اے میں مقتول کے بہنوئی صاحبزادہ کی مدعیت میں قتل کی دفعات کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف درج کی گئی ہے، واقعے میں 30بور کا پستول استعمال ہوا تھا۔

دوسری جانب اورنگی ٹاؤن اقبال مارکیٹ میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والےشفقت کے قتل کا مقدمہ اس کے بیٹےخاور کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ہے، مقتول ریٹائرڈ پولیس اہلکار تھا جس کو 9 ایم ایم پستول سے قتل کیا گیا۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد عباسی شہید اسپتال میں پی ٹی آئی رہنما خرم شیرزمان کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارے 2 کارکنوں کو ٹارگٹ کرکے مارا گیا ہے۔

انہوں نے ڈی جی رینجرز سے شہر میں قتل کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پچھلے 2 مہینے سے شہر میں قتل غارت بڑھ گئی ہے۔

تازہ ترین