• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر لیگ ٹیم مالکان واحباب کیلئے پی سی بی نے قوانین سخت کردیے

دبئی (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم مالکان اور ان کے ان رشتے داروں کے لئے قوانین سخت کردیئے ہیں جو ڈگ آئوٹ اور ڈریسنگ روم میں بیٹھنا چاہتے ہیں۔منیجرز کا کردار بھی محدود کردیا ہے۔ اگر کسی ٹیم کا مالک ٹیم منیجر بھی ہے تو وہ میچوں کے دوران فون استعمال نہیں کرسکے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں کوئی بھی فرنچائز مالک اور اس کے رشتے دار پیشگی اجازت کے بعد ٹیم کے ڈگ آئوٹ اور ڈریسنگ روم میں بیٹھ سکتے ہیں۔ انہیں فون استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ڈگ آئوٹ میں بیٹھ کر مالک کا دنیا سے رابطہ منقطع رہے گا۔ تاہم اس کے لئے انہیں 24گھنٹے پہلے تحریری اجازت طلب کرنا ہوگی اور پی سی بی کے اینٹی کرپشن، اینٹی ڈوپنگ اور اینٹی ریسسزم کو ڈ کی پابندی کرنا ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز کے مالک اور منیجر رانا ثمین کو ڈگ آئوٹ میں فون استعمال کرنے سے روک دیا تھا۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ رانا فواد نے ایک دن پہلے میٹنگ میں شرکت کی اور رانا ثمین کو اس بات کا علم نہیں تھا کہ وہ فون استعمال نہیں کرسکتے ہیں۔ پی سی بی ترجمان نے جمعے کو دبئی میں میڈیا کو بتایا کہ اس سال متعارف کردہ کوڈ کے تحت مالکان فون استعمال نہیں کرسکیں گے۔ جو مالک یا اس کا رشتے دار ڈگ آئوٹ میں آنے کے لئے ہوٹل سے ٹیم بس میں سوار ہوکر گرائونڈ آئے گا اپنا فون جمع کرائے گا اور میچ کے دوران اسے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی میچ کے بعد وہ بس ہی میں ہوٹل واپس جائے گا۔ پی سی بی کے اینٹی کرپشن اینڈ ویجلنس عملے سے24گھنٹے پہلے اجازت لینا ہوگی۔

تازہ ترین