• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غالب کی غزلیں’عشق‘ کی حقیقی معنوں میں عکاس ہیں،مقررین

لاہور (خبر نگار) گورنمنٹ ایم اے او کالج کے شعبہ اُردو کے زیر اہتمام مرزا غالب کی 150 ویں برسی پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کا عنوان غالب کی مشہور غزل کا مصرع”میں عندلیب گلشن ناآفریدہ ہوں“ تھا ۔ امجد اسلام امجد نے طالب علموں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا انسان بھی غالب کی نظر سے اُس زمانے کا مشاہدہ کر کے کئی سوالات کے جوابات تلاش کر سکتا ہے۔ اصغر ندیم سید کا کہنا تھا کہ غالب اور منٹو کا شمار اُردو ادب کی اُن عظیم شخصیات میں ہوتا ہے، جن کی زندگی پر سوانح حیات لکھی گئیں۔ اِس موقع پر ڈاکٹر ضیاءالحق نے سیمینار کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا ، غالب کی غزلیں’عشق‘ کی حقیقی معنوں میں عکاس ہیں، جو پاکیزگی اور تقویٰ کا درس دیتی ہیں۔ ڈاکٹر فخر الحق نوری کا کہنا تھا کہ مرزا غالب کی شاعری آج کے شعراءکو اُبھارتی ہے۔اِس موقع پر پرنسپل گورنمنٹ ایم اے او کالج ڈاکٹر فرحان عبادت یار خان نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایم اے او کالج وہ واحد تعلیمی ادارہ ہے جہاں غالب کو ان کی 150 برسی پر خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مہمانِ خصوصی کا شکریہ ادا کیا اور انہیں شیلڈز پیش کی۔ طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے سیمینار میں شرکت کر کے اُردو ادب میں دلچسپی کا بھرپور اظہار کیا۔
تازہ ترین