• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان خودکش حملے میں ملوث دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کرے ، ایران

کراچی ( نیوز ڈیسک) ایران میں پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر نے الزام عائد کیا ہے کہ حال ہی میں ملک کے جنوب مشرقی علاقے میں ہونے والے ایک خودکش حملے کے ذمہ داران کی پاکستان کی سکیورٹی فورسز پشت پناہی کرتی ہیں، پاکستان نے ذمہ داری پوری نہ کی تو دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کا حق حاصل ہے۔ ہفتے کے روز ایران کے شہر اصفہان میں خودکش حملے میں مارے جانے والے ایرانی اہلکاروں کی آخری رسومات کےموقع پر ہزاروں افراد سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل محمد علی جعفری نے کہا کہ پاکستان کی حکومت ایران میں ’انقلاب کے مخالفین اور اسلام کے دشمنوں کو پناہ دیتی ہے۔‘ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران جانتا ہے کہ یہ حملہ آور کہاں موجود ہیں۔ اگر پاکستان اپنی ذمہ داری پوری نہیں کرتا تو بین الاقوامی قوانین کے مطابق ایران کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ جوابی کارروائی کرے اور دہشتگردوں کو سزا دے۔انہوں نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت کو دہشتگردوں کو پناہ گاہیں فراہم کرنے کی قیمت چکانا پڑے گی اور یہ یقیناً بہت زیادہ ہوگی ۔ اس موقع پر شرکاء ’بدلہ لیں گے ‘کے نعرے لگاتے رہے ۔ دوسری جانب امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے ایران کی طرف سے زاھدان شہر میں پاسداران انقلاب پرہونے والے مہلک حملے میں ملوث ہونے کا ایرانی دعوی مسترد کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاسداران انقلاب پرحملے کا الزام امریکااور اس کے اتحادیوں کے پر ڈالنا ایران کا شرمناک طرز عمل ہے۔امریکی وزیر خارجہ نے مائیک پومپیو نے فارسی ریڈیو”فردا“کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ امریکیوں کا زاھدان حملے سے قطعا کوئی تعلق نہیں ہے۔انہوںنے کہا کہ یورپی ممالک جواد ظریف سے اس طرح کے شرمناک بیان کے بارے میں میونخ کانفرنس میں ضرور پوچھ تاچھ کریں گے۔پومپیو کا کہنا تھا کہ جواد ظریف کو معتدل سمجھا جاتا ہے مگر زاھدان میں ہونے والے حملے کا الزام اسرائیل اور امریکا پر عاید کرنا کوئی اعتدال پسندی نہیں بلکہ یہ شرمناک طرز عمل ہے۔
تازہ ترین