• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر لیگ کوریج سے دستبرداری، پاکستان معاملہ آئی سی سی میں اٹھائیگا

دبئی (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا پاکستان سپر لیگ کی پروڈکشن سے بھارتی کمپنی کی دستبرداری سے مایوسی ہوئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کا کہنا ہے کہ سیاست اور کرکٹ کو الگ رکھنا چاہیے۔ تاریخ گواہ ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر کرنے میں کھیلوں خاص کر کرکٹ نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ بھارتی شائقین کو پی ایس ایل دیکھنے سے روکنے کے لیے ڈیجیٹل کوریج کو روک دیا گیا ہے جبکہ ممبئی میں کرکٹ کلب آف انڈیااور موہالی اسٹیڈیم پاکستانی وزیر اعظم عمران خان اور دیگر کرکٹرز کی تصاویر ہٹادی گئی ہیں ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ یہ معاملہ آئی سی سی اور بی سی سی آئی کے ساتھ آئی سی سی کے آئندہ اجلاس میں اٹھائے گا ۔ پاکستان سپر لیگ کی انڈین نشریاتی کمپنی آئی ایم جی ریلائنس نے لیگ کے بقیہ میچ نشر نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس حوالے سے مطلع کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی پروڈکشن کمپنی نے اسی کریو اور کمنٹیٹرز کی خدمات حاصل کی ہے جو اس سے پہلے کام کررہے تھے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کوریج کی کوالٹی بھی ویسی ہی ہوگی۔ وسیم خان نے کہا کہ بورڈ کے پاس پہلے سے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کا منصوبہ موجود تھا ۔ بھارتی شائقین کو پی ایس ایل کی ڈیجیٹل نشریات سے روکنا اور اہم تاریخی میدانوں اور مقامات سے وزیراعظم عمران خان سمیت پاکستان کے سابق عظیم کرکٹرز کی تصاویر کو ہٹانا انتہائی قابل مذمت ہے۔آئی ایم جی نے تصدیق کی ہے کہ وہ سیاسی کشیدگی کے باعث ٹورنامنٹ کی کوریج سے دستبردار ہوگئے ہیں ۔ بھارتی ارب پتی تاجر مکیش امبانی کی کمپنی آئی ایم جی سے پی سی بی نے ایک سال کیلئے سپر لیگ کی کوریج کا معاہدہ کیا تھا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت نے ہمیں پی ایس ایل کور کرنے سے منع کردیا ہے، اب مزید کام کرنا ہمارے لیے ممکن نہیں ۔

تازہ ترین