• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعلیٰ کی سفارش،جامعہ سندھ میں ریٹائرڈ پروفیسرپرووائس چانسلر مقرر

کراچی(سید محمد عسکری/ اسٹاف رپورٹر) سندھ یونیورسٹی میں ایکٹ کے برخلاف ریٹارڈ پروفیسر کو4سال کے لیے پرووائس چانسلر مقرر کردیا گیاجس پر سکریٹری بورڈز و جامعات ریاض الدین نے کہا کہ پروفیسر اسلم پرویز میمن کی تقرری کی سفارش وزیر اعلیٰ سندھ نےکی تھی تاہم انکی سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح برفت سے بات ہو گئی ہے ان کی جانب سے ایک خط لکھا جائے گا جس میں بتایا جائے گا کہ یہ ریٹائرڈ پروفیسر ہیں اور ان کی تقرری خلاف ایکٹ کی گئی ہے اوراس کے بعد انہیں لگانے کا نوٹیفکیشن تبدیل کردیں گے۔ تفصیلات کےمطابق سندھ یونیورسٹی کے شعبہ سیاسیات کے ریٹائرڈ پروفیسر اسلم پرویز میمن کو 4سال کے لئے سندھ یونیورسٹی نوشہرو فروز کیمپس کاپرووائس چانسلر مقرر کردیاگیا ،سندھ کی جامعات کے ترمیمی ایکٹ کے مطابق کسی ریٹائرڈ پروفیسر کو پرووائس چانسلر مقرر نہیں کیا جاسکتا ہے، پرووائس چانسلر کے لئے اس کا حاضر سروس ہونا ضروری ہے تاہم اسلم پرویز کو ایکٹ کے برخلاف پرووائس چانسلر مقرر کردیا گیاہے۔ نگراں دور حکومت میں محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کے سکریٹری قاضی عبدالکبیر نے گزشتہ سال سیاسی سفارش پر 6 ماہ کے لئے پروفیسر اسلم پرویز کو پرووائس چانسلر مقرر کیا تھا جس کی وائس چانسلر ڈاکٹر فتح برفت نے سخت مخالفت کی تھی جس پر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کے سکریٹری قاضی عبدالکبیر نے یونیورسٹی انتظامیہ کو ایک باقاعدہ خط بھی لکھا تھا جس میں جامعات کے ترمیمی ایکٹ کا حوالہ بھی دیا گیا اور کہا گیا تھا کہ نوشہرو فیروزکیمپس 18 جنوری 2018 سے پرووائس چانسلر محمد نواز ناریجو کی ریٹائرمنٹ کے بعد بغیر پرووائس چانسلر کے چل رہا ہے لہٰذا اس صورتحال میں دیہی علاقوں میںکیمپس کی ضرورت کے پیش نظر 6ماہ کےلئے پرووائس چانسلر کی تقرری عمل میں لائی گئی ہے اور اس دوران محکمہ بورڈ و جامعات تلاش کمیٹی کے ذریعے پرووائس چانسلر کی تقرری عمل میں لے آئے گا مگر موجودہ سکریٹری بورڈ و جامعات ریاض الدین کے دور میں اس کے برعکس ہوا اور سندھ یونیو رسٹی میں ایکٹ کے خلاف ریٹائرڈ پروفیسر کو پرووائس چانسلر مقرر کردیا گیا ہے۔ سکریٹری بورڈ و جامعات ریاض الدین نے کہا کہ پروفیسر اسلم پرویز میمن کی تقرری کی سفار ش وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے کی گئی تھی تاہم میری سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح برفت سے بات ہو گئی ہے ان کی جانب سے ایک خط لکھا جائے گا جس میں بتایا جائے گا کہ یہ ریٹائرڈ پروفیسر ہیں اور ان کی تقرری خلاف ایکٹ کی گئی جس کے بعد ہم انہیں لگانے کا نوٹیفکیشن تبدیل کردیں گے، انہوں نے کہا کہ جامعات میں جو تقرری یا اقدامات ہونگے وہ میرٹ پر اور ایکٹ کے مطابق ہی ہوں گے۔
تازہ ترین