• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاج آباد میں گندگی کے ڈھیر کی صفائی شروع، پارک میں تبدیل کرنے کا فیصلہ

پشاور (خصوصی نامہ نگار) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی ) نے پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) کے تعاون سے حیات آباد سے پیوستہ تاج آباد میں خود ساختہ گندگی کے ڈھیر کی صفائی شروع کر دی، ڈبلیو ایس ایس پی اور پی ڈی اے نے مذکورہ سرکاری اراضی کو پارک میں تبدیل کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کرلیا ہے جس کے لئے مقامی منتخب نمائندوں اور لوگوں کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا ۔ سرکاری اراضی کو مقامی لوگوں نے از خود ڈمپنگ گرائونڈ میں تبدیل کیا ہے جس میں حیات آباد کے ہسپتالوں کا فضلہ بھی غیر قانونی طریقے سے پھینکا جاتا ہے جس سے مقامی آبادی بیماریوں کے خطرے سے دوچار ہے۔ ڈبلیو ایس ایس پی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید ظفر علی شاہ نے سائٹ کا دورہ کیا ، جنرل منیجر آپریشنز انجینئر علی خان اور دیگر حکام بھی ان کے ہمراہ تھے، سی ای او نے وہاں سے گندگی اٹھانے کی ہدایت کی اور پی ڈی اے سے بھی رابطہ کیا جس پر دونوں اداروں کے عملے نے مشینری کے ہمراہ سائٹ کی صفائی شروع کر دی۔ سید ظفر علی شاہ نے سرکاری اراضی اور آبادی کے قریب ہسپتالوں کا فضلہ پھینکنے پر حیات آباد کے ہسپتالوں کی انتظامیہ کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج جبکہ تاج آباد میں واقع پلازوں کے مالکان پر جرمانے عائد کرنے کے احکامات دیئے اور کہا کہ مالکان کو اس بات کا پابند کیا جائے گا کہ وہ پلازوں کی گندگی کو باقاعدہ طور ٹھکانے لگائے، خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے ایک اہلکار کوکھلی جگہ میڈیکل فضلہ پھینکنے پر گرفتار بھی کیا گیا۔ بعد ازاں چیف ایگزیکٹو آفیسر نے پی ڈی اے کے ڈائریکٹر واٹر اینڈ سینی ٹیشن امتیاز سلیم اور دیگر حکام سے ملاقات کی اور انہیں سرکاری اراضی کو پارک میں تبدیل کرنے کی تجویز دی جس سے انہوں نے اتفاق کیا۔ ملاقات میں کارخانو مارکیٹ سے گندگی اٹھانے کے لئے مشترکہ اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا ۔
تازہ ترین