• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلوی سیاسی جماعتوں کے کمپیوٹر نیٹ ورکس پر سائبر حملے

کینبری (اے پی پی) آسٹریلیا کے وزیر اعظم سکاٹ مورسن نے کہا ہے کہ ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں کے کمپیوٹر نیٹ ورکس ایک سائبر حملے کا نشانہ بنے سرکاری عہدے داروں کے مطابق کمپیوٹر یہ حملے کسی ایسےعناصر نے کیے ہیں جن کے پاس جدید تکنیکی مہارتیں موجود ہیں۔آسٹریلیا کے سائبرسیکورٹی کے اداروں نے کسی کا نام لیے بغیر خیال ظاہر کیا ہے کہ اس ماہ کے شروع میں ہونے والے حملو ں کے پس پشت کسی غیر ملکی حکومت کا ہاتھ تھا۔ اس حملے میں تمام بڑی جماعتوں کے زیر استعمال کمپیوٹر نیٹ ورکس کو ہدف بنایا گیا تھا۔اس در اندازی کا انکشاف دارالحکومت کینبرا میں پارلیمنٹ ہاؤس کے کمپیوٹر سرورز کی ہیکنگ کی چھان بین کے دوران ہوا۔وزیر اعظم مورسن کا کہنا تھا کہ ارکان آگاہ ہوں گے کہ آسٹریلیا کے سائبر سکیورٹی سینٹر نے حال ہی میں آسٹریلیوی پارلیمنٹ ہاؤس کے کمپیوٹر نیٹ ورک پر حملےکا پتا چلایا ہے۔ اس چھان بین کے دوران ہمیں یہ بھی معلوم ہوا کہ کچھ سیاسی جماعتوں لبرل، لیبر اور نیشنلز کے نیٹ ورکس بھی اس حملے کا نشانہ بنے ہیں۔ عہدے داروں کا کہنا ہے کہ کسی انتخابی مداخلت کے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں لیکن آسٹریلیا اس حملے کے بعد اپنا سائبر ڈیفنس مضبوط کر رہا ہے۔
تازہ ترین