• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مودی کابھارت:مسلمانوں،کشمیریوں کی جگہ نظر نہیں آرہی ، تجزیہ کار

کراچی(جنگ نیوز)سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ مودی کے ہندوستان میں مسلمانوں اور کشمیریوں کی جگہ نظر نہیں آرہی ہے، بھارت میں کشمیریوں کیلئے زمین تنگ کی گئی تو تحریک آزادی کشمیر کو طاقت ملے گی،بھارت مکمل طور پرا نتہاپسند ریاست میں تبدیل ہوچکا ہے، پرویز مشرف کو پاکستان آکر مقدمات کا سامنا کرنا چاہئے، ٹنڈولکر نے درست کہاکہ پاکستان کے ساتھ نہ کھیلنے سے فائدہ پاکستان کو ہی ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار ارشاد بھٹی، مظہر عباس، عاصمہ شیرازی، محمل سرفراز اور حفیظ اللہ نیازی نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاء کومل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ کیا مودی کے ہندوستان میں مسلمانوں اور کشمیریوں کی جگہ ہے؟ کے جواب میں ارشاد بھٹی نے کہا کہ بھارت میں قید پاکستانی قیدی کی ہلاکت پرپاکستان سے ردعمل نہ آنا افسوسناک ہے، اپوزیشن اپنی قیادت کے بچاؤ میں جبکہ حکومت کراؤن پرنس کے دورے میں ہی گم ہے۔عاصمہ شیرازی کا کہنا تھا کہ بھارت میں انتہاپسندی صرف حکومت ہی نہیں بھارتی عوام میں بھی عروج پر پہنچ گئی ہے۔محمل سرفراز نے کہا کہ مودی کے ہندوستان میں مسلمانوں اور کشمیریوں کی جگہ نظر نہیں آرہی ہے، مودی سرکار سے انڈیا میں نفرت انگیز واقعات میں 90فیصد اضافہ ہوا ہے۔مظہر عباس کا کہناتھا کہ بی جے پی نے بھارت کے معاشرے کو یرغمال بنالیا ہے، بھارت میں کشمیریوں کیلئے زمین تنگ کی گئی تو اس سے تحریک آزادی کشمیر کو طاقت ملے گی، نفرت پھیلانے سے بھارت خود تقسیم کی طرف چلا جائے گا۔حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ کشمیراور ہندوستان میں ریاستی مظالم پر دنیا کی توجہ کبھی نہیں مرکوز ہوگی۔دوسرے سوال کیا حکومت پرویز مشرف کو وطن واپسی میں سپورٹ کرے گی؟ اس پرحفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ پاکستا ن میں اب تو پرویز مشرف کی اپنی حکومت ہے وہ کیوں نہیں واپس آئیں گے۔ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف پاکستان آکر پہلے اپنے کیس بھگتیں، بحیثیت ادارہ فوج پرویز مشرف کے ساتھ نہیں ہے۔عاصمہ شیرازی نے کہا کہ پرویز مشرف کو طبیعت کی خرابی کی وجہ سے باہر جانے کی اجازت دی گئی تھی، ان کی کمر کا درد ٹھیک ہوگیا ہے تو انہیں پاکستان واپس آکر آرٹیکل چھ سمیت دیگر مقدمات کا سامنا کرنا چاہئے۔ مظہر عباس نے کہا کہ پرویز مشرف پاکستان آئیں گے اس پر شکوک و شبہات ہیں، پاکستان آتے ہیں تو نہ انہیں گرفتار کیا جائے گا نہ ان پر مقدمہ چلے گا۔تیسرے سوال پاکستان کے ساتھ کرکٹ میچ کھیلنے کی حمایت پر سچن ٹنڈولکر اور سنیل گواسکر بھارت میں غدار قرار، کیا بھارت انتہاپسند ریاست بن گیا ہے؟ محمل سرفراز نے کہا کہ بھارت مکمل طور پرا نتہاپسند ریاست میں تبدیل ہوچکا ہے۔ عاصمہ شیرازی نے کہا کہ ٹنڈولکر درست بات کر رہے ہیں کہ پاکستان کے ساتھ نہ کھیلنے پر اسے دو پوائنٹ مل جائیں جس کا پاکستان کو فائدہ ہوگا، ہندوستان میں متوازن رائے رکھنے والی آوازیں نہیں رہیں لیکن پاکستان میں اب بھی ایسے لوگ ہیں جو سوال اٹھاتے ہیں۔

تازہ ترین