• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی پالیسیوں سے پاکستان ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ سے نکلا‘اسحاق ڈار

لندن(مرتضیٰ علی شاہ)سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی پالیسیوں کے باعث پاکستان ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ سے نکل کر وائٹ لسٹ میں آیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایٹمی قوت ہے‘ تمام مذہبی اور سیاسی جماعتیں مسلح افواج کے ساتھ ہیں۔تفصیلات کے مطابق،سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ن لیگ کی حکومت نےموثر اقدامات کرکے پاکستان کو پہلے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس(ایف اے ٹی ایف)کی بلیک لسٹ سے نکالا اور پھر گرے لسٹ سے نکال کر وائٹ لسٹ میں شامل کروایا تھا ، ایسا نواز شریف کی شدت پسند گروہوں سے متعلق واضح پالیسی کے سبب ہواتھا۔سابق وزیر خزانہ کا لندن کے ہلنگ ڈون اسپتال میں طبعی معائنہ کیا گیا اور ان کی ریڑھ کی ہڈی کاا سکین بھی کیا گیا ۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان، پرویز مشرف، حمید گل اور اسد درانی سب نے شدت پسندوں کی موجودگی سے متعلق بیانات دیئے تھے ، تاہم ایک اخبارشائع ہونے والے نواز شریف کے انٹرویو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر استعمال کیا گیا ، تاکہ سیاسی فوائد حاصل کیے جاسکیں۔ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کونسل اب جماعت الدعوۃاور فلاح انسانیت فائونڈیشن کے خلاف اقدامات کررہی ہےجو کہ نواز شریف کے دوسال قبل بیان کی توثیق کرتا ہے۔اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تمام مذہبی اور سیاسی جماعتیں مسلح افواج کے ساتھہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ سب کو یاد رکھنا چاہیئے کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے ، پاکستان کا پلواما حملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ واضح ہے کہ بھارتی فوج پر حملہ مقامی کشمیری نوجوان نے کیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں ، جس میں 50ہزار سے زائد پاکستانی جان کی بازی ہارے اور پاکستان کو 130ارب ڈالرز سے زائد کا خسارہ برداشت کرنا پڑا۔دریں اثناء ڈاکٹرز نے اسحاق ڈار کو سرجری کروانے کا مشورہ دیا ہے جبکہ انکی فیملی نے سرجری کی مخالفت کر دی ہے۔آپریشن کے دوران چھوٹی سی غلطی سے بھی معذور ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جس کے باعث رپورٹس آنے کے بعد ماہر ڈاکٹر سرجری کا حتمی فیصلہ کریں گے۔
تازہ ترین