• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسم سرما کی خوبصورت شامیں صحن (پیٹیو) میں گزارنے کا سوچتے ہی کپکپی سی طاری ہونے لگتی ہے۔ صحن یا گھر کے بیرونی حصے میں کھلے آسمان تلے سردی کا سامنا کرنے کی ہمّت ہی کہاں ہوتی ہے بھلا۔ کیوں نا گھر کے بیرونی حصے کی تزئینِ نوکچھ اس انداز میں کی جائے جو سردی اور گرمی ہر موسم کیلئے بہترین ثابت ہو۔ جس طرح گزشتہ برس صحن میں بنے آئوٹ ڈور لیونگ ایریا کے ٹرینڈ کو خاصی پذیرائی حاصل ہوئی تھی، بالکل اسی طرح نئے برس کی شروعات ’’کورڈ آئوٹ ڈور لیونگ ایریا‘‘کے نئے ٹرینڈ کے ساتھ کی جائے۔ ڈھکے ہوئے صحن یا بیرونی حصے کے کئی فوائد بھی ہیں مثلاً اس حصے میں چند صوفوں اور کشن کی مدد سے ایک باقاعدہ سٹنگ ایریا ترتیب دیا جا سکتا ہے۔ اس حصے کو شیلٹرڈ ایریا میں تبدیل کر کے تہواروں اور موسم کے خوبصورت نظاروں سے لطف اندوز ہوا جاسکتا ہے۔ موسم گرما کی گرم ہوائوں میں یہ حصّہ مخصوص طریقوں کے ذریعے ٹھنڈا جبکہ موسم سرما میں گرم رکھا جا سکتا ہے۔ صحن میں خوبصورت سائبان کی تعمیر کے حوالے سے کچھ نئے ٹرینڈ پر نظر ڈالتے ہیں۔

سائبان کی تعمیر کیلئے منصوبہ بندی

ایک خوبصورت اور پرتعیش آئوٹ ڈور لیونگ ایریا نہ صرف گھر کی قدروقیمت بڑھاتا ہے بلکہ بیرونی حصے کو استعمال کرنے اور یہاں لطف اُٹھانے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔ آپ کے آئوٹ ڈور ایریا کا ڈھانچہ چاہے جو بھی ہو،سائبان کی تعمیر کیلئے کسی ماہر تعمیرات، ڈیزائنر یا آرکیٹیکچر کی مدد حاصل کریں۔ اس حوالے سے چند خاص عناصر قابل غور ہیںمثلاً بجٹ، آپ کے گھر کا عمارتی ڈیزائن، جس مواد کے ساتھ آپ سائبان تعمیر کرنا چاہتے ہیں کیا وہ آپ کے علاقے میں بآسانی دستیاب ہے، صحن کا سائز کیا ہے، اس کی پیمائش اور سمت کا تعین کرنا وغیرہ وغیرہ۔ ان تمام بنیادی نکات پر غور و فکر کے بعد دنیا کے مشہور آرکیٹیکچر کے ڈیزائن کردہ درج ذیل مختلف اور ماڈرن آئوٹ ڈور لیونگ ایریا اسٹائل میں سے کسی ایک کا انتخاب کیا جا سکتا ہے۔

ساؤتھ افریقن اسٹائل

ڈھکے ہوئے سائبان کے طور پر ماڈرن سائوتھ افریقن اسٹائل پرفیکٹ ڈیزائن ثابت ہو گا۔ یہ ڈیزائن کم جگہوں کیلئے مناسب ہے۔ ماڈرن سائوتھ افریقن اسٹائل، سائوتھ افریقہ کی ایک معروف آرکیٹیکچر فرم کی جانب سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس ڈیزائن کے تحت عمارت کے ایکسٹیریئر کے ساتھ پولیسٹرین مواد کا سائبان تعمیر کیا گیا ہے۔ چھت کو سپورٹ دینے کیلئے لکڑی کا انتخاب کیا گیا ہے اور اس کے 3سے 4پلرز چھت کا وزن اٹھائے نظر آتے ہیں۔ یہ اسٹائل بڑے اور چھوٹے دونوں قسم کے آئوٹ ڈور لیونگ ایریا کیلئے بہترین ثابت ہوں گے۔

ایسپین رینچ ہوم اسٹائل

یہ ڈیزائن ایسپین (ریاست ہائے متحدہ امریکا کا ایک شہر جو پٹکن کائونٹی،کولوراڈو میں واقع ہے) کے رینچ ہوم اسٹائل کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ ڈیزائن سنگل اسٹوری گھروں کیلئے ایک بہترین انتخاب ثابت ہو سکتا ہے۔ گھر کے عقبی حصے، چھت یا صحن کے لیے اس سائبان کو تعمیر کرنے کے لیے منتخب کیا جاسکتا ہے۔ اس ڈیزائن کی تعمیر کیلئے لکڑی بطور مواد استعمال کی گئی ہے،جسے افقی رخ بالکل سیدھ میں لگایا گیا ہے، فرش کیلئے کنکریٹ کا استعمال جبکہ پلرز یا ستون کی تعمیر کیلئے لائم اسٹون کا انتخاب کیا گیا ہے۔ یہ ڈیزائن ہلکے اور گہرے رنگوں کے خوبصورت امتزاج کے ذریعے کسی بھی گھر کی دلکشی اور رعنائی میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔

ہیوسٹن اسٹائل

اگر آپ اپنے لیونگ ایریا کو کچھ دیہاتی اور قدرتی سا انداز دینا چاہتے ہیں تو ہیوسٹن فارم ہائوس اسٹائل اس کیلئے مناسب رہے گا۔اس طرز کی ڈیزائننگ کے طور پر فرش اور پلرز کیلئے قدرتی رنگوں کے پتھر کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ سائبان کی چھت لال اینٹوں اور لکڑی کے خوبصورت امتزاج کے ساتھ عام چھتوں سے تھوڑی چوڑی اور افقی رخ تعمیر کروائی جاتی ہے۔ عام سائبان کی نسبت یہ زیادہ پائیدار، آرام دہ اور پرسکون ماحول تخلیق کرتے ہیں۔

جدید فارم ہاؤس جیسا سائبان

شہری زندگی کی مصروفیات سے تھکے ہارے لوگ چند دن شہر سے کہیں دور پرسکون اور شوروغل سے پاک آب و ہوا میں گزارنے کے خواہش مند ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے فارم ہائوس کی تعمیر کی جانب زیادہ زور دیا جاتا رہا ہے۔آپ بھی اپنے فارم ہائوس کیلئے اس اسٹائل کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ فارم ہائوس کے علاوہ یہ اسٹائل آپ کے صحن میں بھی نئی تبدیلی لاسکتا ہے۔ سان فرانسسکو کی فرم گیسٹ آرکیٹیکٹ کے ماہرین کی جانب سے ڈیزائن کیا گیا ’ماڈرن کورڈ آئوٹ ڈور‘ کسی بھی حصے کیلئے بہترین ثابت ہو سکتا ہے۔ اس ڈیزائن کی تیاری میں Custom-made steel frameکا انتخاب کیا گیا ہے۔ سائبان کی چھت کی لمبائی 5سے 7میٹر چوڑی رکھی گئی ہے جبکہ پینلز بھی لکڑی یا کسی اور مواد کے بجائے اسٹیل کے ہی نصب کیے گئے ہیں۔

تازہ ترین