• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’محکمہ ایکسائز سندھ نے آٹھ ماہ میں 49319 ملین روپے سے زائد ٹیکس وصول کئے‘

صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسدادِ منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے کہا ہےکہ محکمہ ایکسائز سندھ نے گزشتہ آٹھ ماہ میں 49319 ملین روپے سے زائد ٹیکس وصول کئے۔

مکیش کمار چاولہ نے اپنے دفتر میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ نے گزشتہ آٹھ ماہ میں جولائی 2018 سے فروری 2019 تک ٹیکسز کی مد میں مجموعی طور پر 49319.341 ملین روپے وصول کئے جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران اسی مدت میں 42341.423 ملین روپے وصول کئے گئے تھے۔

اجلاس میں سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسدادِ منشیات عبد الرحیم شیخ ، ڈائریکٹر جنرلز شبیر احمد شیخ ، شعیب احمد صدیقی اور دیگر ڈائریکٹرز نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے بتایا کہ انہوں نے رواں مالی سال کے لئے مقرر کردہ ہدف میں سے 67 فیصد سے زائد ہدف حاصل کرلیا ہے اور امید ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام سے قبل ہی مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا جائے گا۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن شبیر احمد شیخ نے بتایا کہ موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں مجموعی طور پر 5044.798 ملین روپے، انفراسٹرکچر سیس کی مد میں 38666.122 ملین روپے اور پروفیشنل ٹیکس کی مد میں 281.431 ملین روپے وصول کئے گئے۔

انہوں نےمزید بتایا کہ کاٹن فیس کی مد میں 160.187 ملین روپے، جائیداد ٹیکس کی مد میں 1652.417 ملین روپے، انٹرٹینمنٹ ڈیوٹی کی مد میں 40.724 ملین روپے وصول کئے گئے جبکہ بقایا رقم دیگر ٹیکسز کی مد میں وصول کی گئی۔

مکیش کمار چاولہ نے ٹیکسز کی وصولی کی مجموعی صورتحال پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے افسران پر زور دیا کہ وہ جائیداد ٹیکس کی وصولی کی صورتحال کو بہتر بنائیں۔

انہوں نےکہا کہ اگر ہم اپنے فرائض ایمانداری اور خلوص نیت سے انجام دیں تو باآسانی اپنے اہداف حاصل کرلیں گے۔

تازہ ترین