• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پلوامہ کی حقیقت سے آہستہ آہستہ پردہ اٹھ رہا ہے۔ خود بھارتی اپوزیشن پارٹیاں اب کھل کر کہہ رہی ہیں کہ خود مودی سرکار نے آنے والے الیکشن جیتنے اور خصوصاً یوپی کی 300سیٹیں حاصل کرنے کیلئےیہ خونی ڈرامہ رچایا تھا۔انکی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے خبر دار بھی کر دیا تھا۔کچھ سازشی افراد کی آڈیو ٹیپیں بھی پکڑی گئی ہیں،جس میں کی گئی گفتگو اس سازش کو سرکار سے جوڑ رہی ہے اور جس کی ابھی تک کھل کر مودی سرکار تردید نہیں کر رہی ہے۔جس دن یہ حادثہ ہوا اسی دن وزیراعظم نریندر مودی ایک بڑے جلسہ عام سے کہتے ہیں کہ عوام کا موڈ بدلتا نظر آرہا ہے۔ اس کے معنی کیا تھے۔ خود یوپی کی مقامی اپوزیشن نے کھل کر کہا ہے کہ 300سیٹوں کے لئے مودی سرکار کو اور کتنا خون بہانا ہے۔پہلے بھی گجرات میں الیکشن سے پہلے ہندو مسلم فسادات کی آڑ میں مودی سرکار ہزاروں مسلمانوں کی لاشوں پر گزر کر حکومت بناتے بناتے اب پورے بھارت کی سیاست میں چھا گئی اب اس کو آگے بڑھانے کیلئے پلوامہ کا ڈرامہ رچایا گیا اور جب پاکستان نے مودی سرکار سے ثبوت مانگے تو ان کے وزرا آئیں بائیں شائیں کرنے لگے۔انڈیا کی طرف سے جیش محمد کے کیمپ پر حملے میں تین سو پاکستانیوں کوہلاک کرنے کا جھوٹادعویٰ کیا گیاتو پاکستان نے وہ مکان بھی میڈیا میں دکھا دیاجس میں صرف ایک شہری زخمی ہوا تھا۔ جواب میں پاکستان کے فضائی حملے میں ان کے 2 طیارے گرائےگئےاور پھر ایک جہاز جو ہمارے آزادکشمیر میں گرا تھا، اس کے پائلٹ ابھی نندن کی گرفتاری اور اقبالی بیان سامنے آیا اور جب پاکستان نے خیر سگالی اور امن کی خاطر اس پائلٹ کو واپس بھارت کے حوالے کیا تو پہلے خاموشی سے اس پائلٹ کو میڈیا کے سامنے جانے سے روکا، پھر اس کا خود ساختہ بیان کہ پاکستانی فوجیوں نے اس کو مارنے کے بجائے ذہنی دبائو میں رکھا اور اس سے بھارتی راز اگلوانے کی کوشش کی جاری کر دیا۔ابھی اس پائلٹ کا بیان سامنے ہی آیا تھا کہ بھارت کے جاسوس کلبھوشن کا اعترافی بیان جو اس کی فیملی سے ملوانے کے بعد دیا گیا تھا، سامنے آ گیا جس میں اس نے بھی پاکستانی فوجیوں کی تعریف کی اور یہ تسلیم کیاکہ وہ وہ بھارت کیلئے جاسوسی کرتا رہا وغیرہ۔بھارتی پائلٹ کی رہائی بھی بھارتی عوام اورمیڈیا میں سراہی گئی اور اب مودی سرکارپر ہر روزدبائوبڑھتا جا رہا ہے کہ وہ کشمیر میںخون خرابہ ختم کر کے بات چیت سے اس مسئلے کو حل کرے مگر مودی سرکار اب زخمی سانپ کی مانند کوئی بھی خطرناک کھیل کھیل سکتی ہےجیسا کہ وہ ماضی میں رام مندر کی آڑ میں کرتی رہی ہے۔ اب پھر ہندوئوں کو اکسانے کی کوشش کرے گی مگر اس مرتبہ قدرت نے اس کا یہ وار پھندا بنا کر اسی کے گلے میں ڈال دیا ہے۔اس سےجہاںکانگریس کیلئے آسا نی سے جیتنےکی راہ ہموار ہوئی ہے وہیںنوجوان قیادت راہول گاندھی کیلئے یہ اچھا موقع ہے۔

اب مودی سرکار کے پاس پاکستان کا پانی بند کرنے کا واحد راستہ رہ جا تا ہے جسے وہ الیکشن جیتنے کیلئے استعمال کرسکتا ہے اور بلکہ اب پاکستان کا اضافی پانی روک بھی دیا گیا ہے۔ میں وزیراعظم عمران خان کی توجہ دلانا چاہتا ہوں کہ قیامِ پاکستان کے وقت پانی کے معاہدے کے ساتھ ہم نے لال نمک جو ہندوئوں کی عبادات کا اہم حصہ ہوتا ہے اور صرف پاکستان میں ہی پیدا ہوتا ہےکی سپلائی بند نہ کرنے کا معاہدہ کیا تھا، وہ ہم بند کرسکتے ہیں۔ جس کوہندوستان کبھی برداشت نہیں کرسکتا۔حال میں جب پاکستان سے تمام درآمدی سامان پر 200فیصد ڈیوٹی لگائی گئی تو صرف لال نمک پر کوئی ڈیوٹی نہیں بڑھائی،اب یہ نمک جو کھیوڑاکی کان میں پیدا ہوتا ہے اور بہت سستا کروڑوں من ہر سال بھارت ہم سے خرید کر ہمالیہ نمک کے نام پر بیچتا ہے، ہم اس پر پابندی لگا کر پانی بند کرنے کا بدلہ لے سکتے ہیں کیونکہ بھارت نے پہلے اس معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ وہ ہر سال پانی بند کر کے پھر بارش کے موسم میں پانی کھول کر ہماری فصلیں سیلاب سے تباہ کردیتا ہے۔یاد رہے ابھی بھارت کی طرف سے امن اور خیر سگالی کا ایک بیان بھی سامنے نہیں آیا۔اب ہمیںبھی سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا ہے۔بیشک سمندری راستے سے ہم نے پہلا حملہ تو روک لیا ہے مگر وہ اسرائیلی آبدوزوں کی مدد سے ہمیںنقصان پہنچانے کے درپے ہے۔ ہمیں چوکنا رہنا ہوگا۔

بھارت اپنی طاقت کے زعم میں امریکہ اور سعودی عرب کی پیشکش ٹھکراچکا ہے۔گویا اب بھی وہ پاکستان سے دشمنی سے باز نہیں آرہا۔اب پوری دنیا بھارت کو کشمیر پر غاصب سمجھتی ہے خاص کرآنجہانی کشمیری راجا کے بیٹے نے بھارت اور کشمیر کا معاہدہ بھارتی پارلیمنٹ میں دکھا دیا کہ کشمیر ایک آزاد ریاست کی حیثیت سے رہے گا۔ اٹوٹ انگ کا نعرہ لگا کر بھارتی حصہ بنانے کی 71سالہ کوشش اب بے نقاب ہوچکی ہے مگر بھارت اب بھی اس تاک میں ہے کہ کسی طرح کشمیر بھارت کو مل جائے۔اب وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ میں سفارتی طریقہ سے موثر کردار ادا کر کے کشمیر کا مسئلہ حل کرایا جائے۔ اسی طرح بھارت نے پاکستانی مال پر 200 فیصد ڈیوٹی اور بھارت سے ادویات اور دیگر پابندیاں عائد کی ہیں ہمارے ہاںبھی دنیا بھر سے آنے والی بھارتی اشیاء مکمل بند کر دی جائیں خواہ وہ دبئی یا کسی بھی راستے سے لائی جائیں یا پھربھارت کی طرح 200فیصد ڈیوٹی لگا کر انہیں اتنا مہنگا کر دیا جائے کہ خریداروں کی پہنچ سے باہر ہو جائیں۔ (کالم پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں 00923004647998 )

تازہ ترین