• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمہوریت بحران کا شکار،ملک میںسلیکٹڈ حکومت ہے، بلاول بھٹو

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک معاشی طورپر مشکلات کا شکار اورجمہوریت بحران کا شکار ہے، ملک میں سلیکٹڈ حکومت ہے، حکومت قومی ایکشن پلان پرعمل کرے اورکالعدم تنظیموں سے خود کو الگ کرتے ہوئے وفاقی کابینہ میں شامل کالعدم تنظیموں سے گٹھ جوڑ کے حامل تین وزرا کوفوری ہٹایا جائے، قومی سلامتی کے امور کی نگرانی کیلئے پارلیمنٹ کی مشترکہ قومی سلامتی کمیٹی بنائی جائے۔ وزیراعلی ہاؤس کے بینکوئیٹ ہال میں پیپلزپارٹی سندھ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کے امور کی نگرانی کیلئے پارلیمنٹ کی مشترکہ قومی سلامتی کمیٹی بنائی جائے تاکہ نیشنل سیکورٹی کا جائزہ لیا جا سکے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ وفاقی حکومت دہشت گردی کے خاتمے میں سنجیدہ نہیں ہے، طالبان کو این آر او مل رہاہے،اسطرح ہم دنیا کو کیا منہ دکھائینگے۔ انہوں نے کہاکہ آج ملک میں سلیکٹڈ حکومت ہے میڈیا پر حملے ہو رہے ہیں، ہمارے ملک میں انسانی حقوق کا بھی بحران ہے،جن اداروں کے حقوق کا تحفظ کرنا چاہیے وہ ادارے انسانی حقوق کی پامالی میں ملوث ہیں،لاپتا افراد کا معاملہ بہت بڑا مسئلہ ہے، مائیں اور بچے اپنے پیاروں کو ڈھونڈ نے کیلئے مارے مارے پھرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں معاشی بحران بھی ہے، مہنگائی کا سونامی ہے، عوام اس میں ڈوب رہے ہیں، وفاق سندھ کو اپنے مالی شیئر نہیں دے رہا،اگر سندھ کو اپنے فنڈز ملیں تو اسپتال، اسکولز اور دیگر مسائل حل ہونگے۔ بلاول بھٹونے کہاکہ آغا سراج درانی اسپیکر ہیں انہیں گرفتار کیا گیا، ملکی تاریخ میں تین مرتبہ منتخب وزیراعظم کو انتخابی مہم کے دوران بیٹی سمیت گرفتار کیا جاتا ہے۔
تازہ ترین