• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسکاٹ لینڈ میں نسل پرستی کے خلاف پرجوش احتجاجی جلوس، تعصبات کا مل کر مقابلہ کرنا ہوگا، انس سرور

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹ لینڈ میں نسل پرستی کے خلاف ایک پُرجوش احتجاجی جلوس نکالا گیا جس کا اہتمام اسٹینڈ اَپ ٹو ریسزم The Stand up to Racismنے کیا تھا۔ سخت سردی اور برفانی بارش کے باوجود عوام کی ایک بڑی تعداد جلوس میں شریک ہوئی۔ جلوس کا آغاز جارج اسکوائر سے ہوا۔ یہاں پر نیوزی لینڈ کے شہدا کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ اسکاٹش پارلیمنٹ کے ممبر انس سرور جنہوں نے اسکاٹش پارلیمنٹ میں اسلامو فوبیا اور نسل پرستی کے خلاف مہم چلا رکھی ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ انتہائی دائیں بازو کی قوتیں ہمارے معاشرے میں نفرت پھیلا رہی ہیں۔ وہ ہم کو تقسیم کرنا چاہتی ہیں لیکن ہم نے متحد ہوکر ان کو شکست دینی ہے۔ انس سرور نے کہا کہ اسلامو فوبیا، نسل پرستی، اینٹی سیمٹزم اور دوسرے تمام تعصبات کا ہم نے مل جل کر مقابلہ کرنا ہے، یہ ہم سب کی جنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ فلسطین، عراق، شام، افغانستان اور دنیا میں کسی بھی جگہ پر ہونے والے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی سخت مذمت کرتے ہیں، ریلی سے دیگر شرکا نے بھی خطاب کیا۔ جلوس نے شہر کے مختلف علاقوں کا چکر لگایا۔ پولیس کی ایک بڑی تعداد بھی ہمراہ چل رہی تھی۔ جارج اسکوائر میں مخالفین کی بھی تھوڑی سی تعداد جمع تھی لیکن پولیس نے ان کو قریب نہ آنے دیا۔ یو نائٹ یونین کی طرف سے جاری کردہ ایک پیغام میں کہا گیا کہ وہ تمام لوگ جوکہ ایک ایسی دنیا کے لیے کوشش کررہے ہیں جوکہ ہر قسم کے تعصبات اور خوف و نفرت سے پاک ہو، ان کو اپنی کوششیں دگنا کردینے کی ضرورت، موجودہ حالات میں ایک ایسی صورت حال پیدا ہوگئی ہے جس میں نسل پرستی نے اپنا مکروہ سر دوبارہ اٹھانا شروع کردیا ہے۔ یورپی یونین میں رہنے یا نکلنے کے متعلق بحث و مباحثوں نے انہیں تقویت دی ہے۔ اعلیٰ انسانی اقدار پر یقین رکھنے والوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ متحد ہوکر ان کا مقابلہ کریں، ہمیں اپنے درمیان مساوات اور ایک دوسرے کو برداشت کرنے کی قوت پیدا کرنا ہوگی۔
تازہ ترین