• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’5 دن ہوگئے والد سے ملاقات اجازت نہیں مل رہی‘

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ 5دن ہوگئے ہیں،والد سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر ایک بیان میں مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے، ان کے ذاتی معالج کو بھی ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔

انہوں نے ٹوئٹ میں کہا کہ میں اپنے والد سے ملاقات کے لئے اجازت کی منتظر ہوں اور ان کی طبیعت بھی ٹھیک نہیں،میرا نواز شریف سے کسی بھی قسم کا رابطہ نہیں ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ کوئی اور طریقہ بھی نہیں کہ میں والد کی خیریت معلوم کرسکوں، طبیعت پوچھ سکوں، میں بہت پریشان ہوں اور آپ سب اپنی دعاؤں میں انھیں یاد رکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ والد نواز شریف نے ہم سے کہا تھا کہ اگر  خدانخواستہ کچھ ہوا تو وہ کسی سے نہیں کہیں گے،میں بہت پریشان ہوں۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف ان دنوں العزیزیہ ریفرنس میں سنائی گئی 7 سال قید کی سزا لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں کاٹ رہے ہیں۔

سابق وزیراعظم عارضہ قلب میں مبتلا ہیں اور دوران قید ان کی صحت کے حوالے سے کئی میڈیکل بورڈز بھی بن چکے ہیں۔

گزشتہ دنوں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی جیل میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی تھی اور ان کی خیریت دریافت کرتے ہوئے سندھ میں علاج کرانے کی پیشکش کی تھی۔

تازہ ترین