• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مذہب کو دہشت گردی سے منسوب نہیں کیا جا سکتا، ڈاکٹر شاہد

ہیلی فیکس (نمائندہ جنگ) نیوزی لینڈ میں نمازیوں پر سرعام فائرنگ دہشت گردی کی بدترین مثال ہے جس کی جتنی بھی مذمت کے جائے کم ہے۔ اقوام عالم کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ مسلم امہ اس دور میں سب سے زیادہ ظلم کا شکار ہوئی ہے جس قوم کے بچوں، مردوں اور عورتوں کو لاکھوں کی تعداد میں شہید کیا گیا ہو ملکوں کے ملک تباہ کردئیے گئے اسی قوم کو عالمی میڈیا دہشت گرد قرار دیتا رہا مگر نیوزی لینڈ کے سانحہ نے ثابت کردیا کہ مذہب کو دہشت گردی سے منسوب نہیں کیا جاسکتا۔ ان خیالات کا اظہار سابق ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر شاہدنے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر مذہب امن و محبت اور انسان دوستی کا پیغام دیتا ہے جب کہ دہشت گردی قاتل انسانیت اور درندگی ہے۔ اسلام نے کئی مرتبہ جبر برداشت کیا مگر کبھی کسی پر ظلم و ستم کی اجازت نہیں دی۔ سانحہ نیوزی لینڈ میں شہید ہونے والوں کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ افسوس مسلمانوں کے خون کی کسی کو بھی فکر نہیں نیوزی لینڈ کا واقعہ غیر مسلم کے ساتھ پیش آیا ہوتا تو دنیا میں آج ہر جگہ احتجاج ہو رہا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے، آج بھی ہمارے نبی اکرمﷺ کی تعلیمات پر عمل کر کے دنیا میں امن قائم کیا جا سکتا ہے۔ صدر مرکزی جماعت اہل سنت برطاینہ اور معروف مذہبی سکالر پروفیسر سید احمد حسین ترمذی نے ہیلی فیکس الجامعہ الزاہرا میں نیوزی لینڈ کی مساجد میں شہید ہونے والے مسلمانوں کی یاد میں ہونے والی دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام امن اور محبت کا دین ہے، افسوس کا مقام ہے کہ نہتے مسلمانوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا انہوں نے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مساجد میں فائرنگ کے واقعےکی شدید الفاظ میںمذمت کرتے ہوئے واقعے کو بدترین دہشت گردی قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی مساجد میں دہشت گردی کا اتنا بڑا واقعہ ہے کہ اس کی مذمت کیلئے الفاظ ملنا مشکل ہیں۔ علامہ محمد سجاد رضوی نے کہ نہتے اور معصوم نمازیوں کے قتل و غارت کی براہ راست ویڈیو چلانا مسلمانوں سے نفرت کا اظہار ہے ۔براہ راست ویڈیو چلانے کا مقصد پوری دنیاکے مسلمانوں کو خوف کا پیغام دینا اور عالم اسلام پر حملہ اور عالمی امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے، پا کستان مسلم لیگ ن کے رہنما اسد بٹ نے نیوزی لینڈ کی حکومت سے پر زور مطالبہ کیا کہ اس واقعے کی شفاف اور غیر جابندارانہ تحقیقات یقینی، مساجد کو تحفظ اور دہشت گردوں کو نشانہ عبرت بنایا جائے۔
تازہ ترین