• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق صوبائی وزیرجام خان شورونیب اہلکارکو ٹکر مارکرفرار‘مقدمہ درج

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں نیب کی سابق وزیر بلدیات کی گرفتاری کے لئے سندھ اسمبلی کے قریب کارروائی ‘ملزم کو روکنے کی کوشش پر جام خان شورو اپنی گاڑی سے نیب اہلکار کو ٹکر مار کر فرار ہوگئے جس سے نیب اہلکارشبیر زخمی ہوگیا‘نیب حکام نے آرٹلری میدان تھانے میں مقدمہ درج کرادیا‘پولیس نے تفتیش شروع کردی۔تفصیلات کے مطابق آٹلری میدان تھانے کی حدود ایوان صد ر،گورنر ہاؤ س کے قریب نیب کی ٹیم کی کارروائی کے دوران سابق وزیر بلدیات جام خان شورو فرار ہوگئے، نیب حکام نے آرٹلری میدان تھانے میں ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب عامر بٹ کی مدعیت میںمقدمہ نمبر 45/19 درج کرا دیا، جس میں کارسرکار میں مداخلت، مزاحمت اور نقصان پہنچانے کی دفعات شامل ہیں، ایف آئی آر کے مطابق نیب کی ٹیم وارنٹ کے ہمراہ جام خان شورو کو گرفتار کرنے سندھ اسمبلی کے قریب پہنچی تھی،نیب ٹیم نے جب جام خان شورو کو روکنے کی کوشش کی تو ملزم جام خان شورو نے ڈرائیور سے کہا کہ گاڑی رکاوٹ سے نکالو ، اس دوران ملزم کے فرار ہوتے ہوئے اس کی گاڑی کی ٹکر سے نیب اہلکار شبیر زخمی ہوگیا، پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کے کے تفتیش شروع کردی۔قبل ازیں سندھ ہائی کورٹ نے گلستان جوہر میں سرکاری پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ سے متعلق جام خان شورو کی عبوری ضمانت میں 21 مارچ تک توسیع کرتے ہوئے نامزد 6 ملزمان کی ضمانت میں توثیق بھی کردی۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں جسٹس عمر سیال پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو سماعت ہوئی۔ نیب کے مطابق جام خان شورو گلستان جوہر میں 62 سرکاری پلاٹوں کی غیر قانونی نیلامی میں ملوث ہیں۔
تازہ ترین