• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک فوج کے شانہ بشانہ، دفاع کیلئے ہرقربانی دینگے،ڈاکٹر رمیش کمار

کراچی(جنگ نیوز)پاکستان ہندو کونسل کے زیراہتمام ہولی کی بڑی تقریب شہر قائد میں ہنومان مندر میں آج منعقد کی جائے گی‘پاکستان ہندو کونسل نے ہولی کے تہوارکو یوم پاکستان سے منسوب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پاکستان ہندوکونسل کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاہے کہ ہولی کا تہوار نیکی کی بدی پر فتح کی یاد دلاتا ہے’پاک افواج کے شانہ بشانہ دفاع وطن کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے پرعزم ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ہندوکونسل کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق آج ہولی کی اہم تقریب کراچی کے ہنومان مندر میں منعقد کی جائےگی ‘پاکستان ہندو کونسل کی اپیل پر لاتعداد پاکستانی ہندو باشندے قومی پرچم اٹھائے ہولی منائیں گے‘مندر کے ہال کو ہندو گیروا جھنڈوں اور پاکستانی پرچموں سے سجا دیا گیا‘تقریب کا آغاز آرتی اور روایتی پوجا پاٹ سے کیا جائے گا۔تقریب کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے ڈاکٹررمیش کمار وانکوانی نے بتایاکہ ہولی کے موقع پرپرچم کشائی اور قومی ترانہ بھی پیش کیا جائے گا‘ہندو بچے ملی نغمہ پیش کریں گے جبکہ شہداء نیوزی لینڈ کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اور دعا کی جائے گی۔ہولی تہوار پر پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور سلامتی کی خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی‘پاک افواج کے شانہ بشانہ دفاع وطن کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے پرعزم ہیں۔ان کا کہناتھاکہ ہولی تہوار کا درس ہے کہ غاصب قوت سے خوفزدہ نہ ہوا جائے‘پاک فضائیہ کے موثر جواب نے ثابت کیا کہ آخری فتح ہمیشہ حق کی ہوتی ہے‘ بھارت جنگی جنون ترک کرکے مہاتما گاندھی کے عقیدہ اہنسا کو اپنا لے۔
تازہ ترین