• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشتگردی کے متعدد مقدمات میں شہادتیں قلمبند،ایک ملزم کی ضمانت

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک راولپنڈی کے جج محمد اصغر خان نے دہشت گردی کے الزام میں گرفتار ملزم کی ضمانت منظور کر کے دو گواہ قلمبند کرلئے، سی ٹی ڈی پولیس نے محمد جاوید کو بارود برآمد ہونے پر گرفتار کیا تھا گزشتہ روز عدالت نے ملزم کی درخواست ضمانت ایک لاکھ روپے اور ایک شخصی ضامن پر منظور کر کے ملزم کیخلاف دو شہادتیں ریکارڈ کرتے ہوئے 26مارچ کو مزید گواہ طلب کرلئے۔ عدالت نے تھانہ سی ٹی ڈی میں درج بارود کیس کے ملزم انعام الحق اور تھانہ دینہ میں درج پولیس مزاحمت کیس کے ملزم صدام حسین کیخلاف تین تین گواہ قلمبند کر کے 26مارچ کو مزید شہادتیں طلب کرتے ہوئے تھانہ صدر اٹک میں درج تیزاب اور قتل کیس کے ملزم زین العابدین پر فرد جرم عائد کر کے 25مارچ کو شہادتیں پیش کرنے کا حکم دیا۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر دو راولپنڈی کے جج سلیمان بیگ نے تھانہ سی ٹی ڈی میں درج بارود کے ملزم عمران یوسف کیخلاف چار گواہ قلمبند کر کے 9اپریل اور تھانہ پیرودھائی کے علاقہ میں نوعمر بچوں کو اغوا کر کے تاوان وصول کرنے کے تین مقدمات میں گرفتار ملزمان اجمل وغیرہ کیخلاف دو گواہ قلمبند کر کے آج مزید شہادتیں طلب کرلیں جبکہ نیوٹائون کے علاقہ چاندنی چوک کے قریب ون ویلنگ اور ٹریفک ملازمین پر قاتلانہ حملہ کرنے کے الزام میں ملوث ملزم ابوزر کیخلاف دو اپریل تک چالان طلب کرلیا۔
تازہ ترین