• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی نے بلاول بھٹو پر قومی مفاد پر یلغار کا الزام لگادیا

تحریک انصاف نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے دوستی کےلئے قومی مفاد پر یلغار کرنے کا الزام عائد کردیا۔

پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی پی کا نیشنل ایکشن پلان (نیپ) کے تحت کارروائی کو نہ ماننا حقائق کو تبدیل نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان سیاسی نہیں قومی فیصلہ ہے، بلاول نے قومی مفاد پر یلغار،مودی سے یاری نبھانے کیلئے کی ہے، ان کی نیپ پر تنقید بھارتی بیانیہ ہے۔

پی ٹی آئی ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے،بلاول اور مودی کی سازشیں ناکام ہوں گی،پی پی چیئرمین کے ریاست مخالف بیان سے ان کی ملک دشمنی واضح ہوچکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری چوری اور کرپشن کے پیسے کے وارث اور حصے دار ہیں،وہ کرپشن کا جواب دینے کے بجائے نریندر مودی کے ترجمان بن گئے۔

عمر سرفراز چیمہ نے یہ بھی کہا کہ بلاول بھٹو کی نیشنل ایکشن پلان پر تنقید بلاجواز اور معاملے کو سیاسی رنگ دینے کے مترادف ہے،پی پی چیئرمین نیب کا سامنا کریں، پوچھے گئے سوالوں کے قوم کو جواب چاہئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو نا لوٹا ہوتا تو آج نیب کے سامنے نا جانا پڑتا، بلایا نیب نے اور تنقید حکومت پر، واہ رے بلاول۔

پی ٹی آئی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ پی پی چیئرمین نے بھارتی پراپیگنڈے والا بیانیہ اختیار کیا ہے،جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

 ان کا کہنا تھا کہ ٹیرر فنانسنگ روکنے کے حکومت نے سنجیدہ اقدامات کیے جو ماضی میں کسی حکومت نے نہیں کیے۔

تازہ ترین