• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھوت سکولوں اور طلباء کی جعلی تعداد میں اضافہ انتہائی تشویشناک ہے‘ سکندر شیرپائو

پشاور( نمائندہ خصوصی )سابق سینئر صوبائی وزیر اور قومی وطن پارٹی کے رہنماء سکندر حیات خان شیرپائو نے خیبر پختونخوا کے اکثریتی اضلاع میں بھوت سکولوں اور طلباء کی جعلی تعداد میں اضافہ کو انتہائی تشویشناک امرقراردیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نمبرز گیم میں صوبے کے عوام کے مستقبل سے کھیل رہی ہے۔ ہم پہلے ہی کہہ چکے تھے کہ پی ٹی آئی کی اصلاحات کے منصوبے کاغذات تک محدود ہیں اور اس حوالے سے حالیہ رپورٹ نے ہمارے خدشات کو درست ثابت کردیا۔ اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ صوبہ کے 25اضلاع میں سے19اضلاع میں بھوت سکولوں اور طلباء کی جعلی رجسٹریشن تعلیمی اصلاحات کے نام پر عوام کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے۔انھوں نے بھوت سکولوں اورجعلی طلباء کے نام پر کروڑوں روپے کی کرپشن کاپردہ چاک کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کسی بھی معاملے میں سنجیدہ نہیں اور سوشل میڈیا کے علاوہ انکی کارکردگی کا نام و نشان نہیں۔رپورٹ سے پی ٹی آئی کی تعلیمی اصلاحات کا دعویٰ غلط ثابت ہوا اور عوام پر ان کی اصلیت آشکارہ ہوئی۔انھوں نے پی ٹی آئی کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ٹی ٗبلین ٹری سونامی ،صحت اور تعلیمی اصلاحات میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی مکمل ناکامی اور غیر سنجیدگی عوام پر عیاں ہو چکی ہے۔
تازہ ترین