• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فنچ کی ایک اور سنچری دوسرا ون ڈے بھی آسٹریلیا کے نام، پاکستانی بولرز وکٹیں لینا بھول گئے

شارجہ (جنگ نیوز) آسٹریلیا نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میں بھی آسانی سے زیر کرلیا۔ کپتان ایرون فنچ نے ایک اور سنچری اسکور کی۔ پاکستانی بولرز وکٹیں لینا ہی بھول گئے۔


اتوار کو دوسرے ایک روزہ میچ میں کینگروز 8وکٹ سے فتحیاب ہوئے۔ گرین شرٹس کی بولنگ مسلسل دوسرے میچ میں ناکام رہی۔ ایرون فنچ نے کیریئر بیسٹ 153رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ۔ فنچ کی 143گیندوں پر مشتمل کاوش میں چھ چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔ انہوں نے عثمان خواجہ کے ساتھ پہلی وکٹ پر 209رنز اسکور کیے، عثمان 88رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ گلین میکسویل 19رنز اسکور کرکے رن آئوٹ ہوئے جبکہ شان مارش نے ناٹ آئوٹ رہتے ہوئے 11رنز کا اضافہ کیا۔ پاکستان کے واحد کامیاب بولر یاسر شاہ رہے ، انہوں نے 60رنز کے عوض عثمان خواجہ کی وکٹ اپنے نام کی۔ حسنین کے کیریئر کئے پہلے میچ میں کسی کامیابی کے بغیر نو اوورز میں 54رنز دیے۔ ایرون فنچ کو فتح گر اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ قبل ازیں پاکستان کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو امام الحق اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا۔اوپنر امام الحق پہلے اوور کی پانچویں گیند پر رچرڈسن کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے جس کے بعد شان مسعود اور حارث سہیل نے 35 رنز کی شراکت قائم کی تو شان بھی 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔تیسری وکٹ پر 52 رنز کی شراکت کے بعد حارث سہیل بھی 34 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ عمر اکمل بھی 16 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ محمد رضوان اور شعیب ملک کی شاندار بیٹنگ کے بدولت قومی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بناسکی۔ محمد رضوان 115، شعیب ملک 60 اور حارث سہیل 34 رنز بناکر نمایاں رہے۔آسٹریلیا کی جانب سے رچرڈسن، کولٹر نیل نے 2،2 جب کہ لیون، زمپا اور فنچ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔قومی ٹیم میں محمد عامر کی جگہ محمد حسنین کو شامل کیا گیا۔خیال رہے کہ پہلے میچ میں کینگروز نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

تازہ ترین